asif zardari ki shayad aakhri khuahishaat

آصف زرداری کی شاید آخری خواہشات۔۔

تحریر: سید انور فراز۔۔

پاکستان جیسی صورت حال سے گزر رہا ہے ، ماضی میں کم از کم اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، نئی قائم ہونے والی حکومت نہایت بے بسی کا شکار ہے،پنجاب میں حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب  بن تو گئے ہیں مگر کتنے دن کے لیے ؟اس پورے کھیل کے ماسٹر مائنڈجناب آصف علی زرداری بتائے جاتے ہیں اور درحقیقت وہی سب سے زیادہ مطمئن اور خوش نظر آتے ہیں، حال ہی میں ان کا یہ بیان بھی سامنے آیا ہے کہ ابھی آدھا کام ہوا ہے، آدھا باقی ہے۔

زرداری صاحب کا طالع پیدائش(برتھ سائن)جوزا ہے،جوزا افراد بلاشبہ اُڑھتی چڑیا کے پر گننے کی صلاحیت رکھتے ہیں، غیر معمولی ذہانت اور نالج ان کا طرئہ امتیاز ہے،اگر زائچے میں ان کا حاکم سیارہ عطارد منفی نوعیت کے نظرات کا حامل ہو تو ان کی ذہانت کا رُخ بھی منفی سمت میں مڑ جاتا ہے، صاحب زائچہ ان لوگوں میں سے ہیں جنھوں نے پہلی بار جب اقتدار کے ایوانوں میں قدم رکھا تو اپنی منفی ذہانت کے ایسے ایسے چمتکار دکھائے کہ لوگ حیران رہ گئے، وہ پہلے ”مرد اول“ ہیں جنھیں وزیراعظم کے شوہر کے طور پر مسٹر 10 پرسنٹ کا خطاب ملا، محترمہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کا سہرا بھی موصوف کے سر ہے،بعد ازاں وقتاً فوقتاً ان کے کارناموں کی گونج سنائی دیتی رہی اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے،زرداری صاحب کا قمر برج ثور میں ہے جو قمر کے شرف کا برج ہے،چناں چہ بنیادی طور پر دولت کو ان کی زندگی میں اولیت حاصل ہے،گویا وہ بزنس مائنڈ شخصیت ہیں، پانچ سال ملک کے صدر رہے ، ابتدا سے آج تک اور اپنے دور صدارت میں بھی ان مقدمات کا سامنا کرتے ہوئے زندگی گزاردی جو ان پر وقتاً فوقتاً قائم ہوتے رہے، یہ سلسلہ بھی ہنوز جاری ہے لیکن اب ان کی شاید آخری خواہش اپنے فرزند ارجمند بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا وزیراعظم بنوانا ہے،اس خواہش کا وہ کھل کر اظہار بھی کرچکے ہیں، کہنے والے کہتے ہیں کہ موجودہ سارا کھیل تماشا اسی خواہش کے زیر اثر ہے،بڑے والہانہ انداز میں انھوں نے جناب شہباز شریف کو وزیر اعظم بنواکر خود کو موجودہ صورت حال سے دور رکھا ہوا ہے،بعض کلیدی عہدوں پر اپنے بندے بٹھادیے ہیں اور خود وزارت کے عہدے پر نظر جمالی ہے مگر جس شخص کا قول یہ ہو کہ کوئی معاہدہ قرآن و حدیث نہیں ہوتاتو یقینا وہ یہ بھی نہیں جان سکتا کہ قرآن میں اللہ رب العزت کا ایک ارشاد یہ بھی ہے ۔

” وہ اپنی چالیں چل رہے تھے اور اللہ اپنی چال چل رہا تھا اور اللہ سب سے بہتر چال چلنے والا ہے۔“

سیارہ زحل ان کے زائچے میں بھاگیہ استھان کا مالک ہے ، چند ماہ کے لیے یعنی تقریباً 13 جولائی تک زائچے میں اچھی پوزیشن پر ہے مگر اس کے بعد مصیبت کے گھر میں واپس آجائے گا، پھر شاید انھیں وہ کامیابیاں حاصل نہ ہوسکیں جو اب تک ہوچکی ہیں،بڑے بڑے ہوشیار فنکاروں کی فنکاری اس وقت دھری رہ جاتی ہے جب وقت خلاف ہوتا ہے، اللہ بس باقی ہوس۔(سید انورفراز)۔۔

chaar hurf | Imran Junior
chaar hurf | Imran Junior
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں