ایشیا ون نیوز کا غیر ملکی اینکرز کے ساتھ آغاز۔۔

پاکستان کا نیا انگلش لینگویج ٹی وی چینل ایشیا ون نیوز باقاعدہ طور پر نشر ہونا شروع ہو گیا ہے۔ چینل کا ہیڈ آفس کراچی میں قائم ہے۔ یہ کوشش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستانی میڈیا پر اردو زبان کے چینلز کا غلبہ رہا ہے اور انگریزی صحافت کو زندہ کرنے کی کوششیں دوبارہ زور پکڑ رہی ہیں۔منصوبے سے وابستہ ایک سینئر ایگزیکٹو منصور وحید ملک نے لنکڈ ان پر اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے لکھا۔۔ہم نے اس کی منصوبہ بندی کی، اسے عملی جامہ پہنایا، اور صرف ایک ماہ میں ایشیا ون نیوز لانچ کر دیا! ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس خواب کو حقیقت بنانے میں مدد کی۔ ایشیا ون ایک نیا معیار قائم کر رہا ہے، جو انگریزی خبروں میں عالمی تعاون کے دروازے کھولتا ہے۔چینل کے پرومو میں متعدد اینکرز نظر آتے ہیں، جو تمام کے تمام غیر ملکی ہیں، زیادہ تر یورپ، مشرق وسطیٰ، اور افریقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ تاحال کسی بھی مقامی صحافی کو آن ایئر کردار کے لیے نہیں رکھا گیا۔ نیوز ڈائریکٹر کی حیثیت سے نوید قمر اس منصوبے کی سربراہی کر رہے ہیں۔ایشیا ون نیوز ایسے وقت میں میدان میں آیا ہے جب پاکستان میں انگریزی زبان کے کئی چینلز جیسے جیو انگلش، ایکسپریس 24/7، اور ڈان نیوز (ابتدائی انگریزی فارمیٹ میں) ناظرین کی کم دلچسپی اور اردو چینلز کے غالب اثر کی وجہ سے بند کر دیے گئے تھے۔تاہم حالیہ دنوں میں اس میدان میں نئی جان پڑتی نظر آ رہی ہے۔ چینل 365 انگلش نے بھی حالیہ دنوں میں کام شروع کیا ہے اور اطلاعات ہیں کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) بھی جلد ہی اپنا انگریزی چینل لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ایشیا ون خود کو عالمی معیار کے ساتھ ڈیجیٹل سطح پر ایک منفرد پوزیشن میں لانے کا دعویٰ کر رہا ہے۔ یہ غیر ملکی ٹیلنٹ اور نئے برانڈنگ نظریے پر انحصار کر رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا یہ چینل وہ کامیابی حاصل کر سکے گا جس سے ماضی کے منصوبے محروم رہے؟

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں