پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ‘دھواں’ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار، ہدایتکار اور مصنف عاشر عظیم نے پاکستان چھوڑ دیا جس کی تصدیق خود انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی کردی ۔ عاشر عظیم نے لکھا کہ ’میں نے ملک چھوڑ دیا ہے، کیونکہ میں مایوس ہوگیا ہوں، شریف یا زرداری کی وجہ سے نہیں، یہ تو ہمیشہ ایسے ہی تھے، میں یہاں کے لوگوں سے مایوس ہوگیا ہوں،لوگ اصول کی بات نہیں کرتے، اصول پر نہیں لڑتے، اصول پر ہنستے ہیں، انہیں شریف، زرداری اور راؤ جیسے لوگ ہی ملیں گے، بس نام تبدیل ہوجائیں گے‘۔شاہکار ڈرامے دھواں کے تقریباً 20 سال بعد عاشر عظیم نے اپنی فلم ‘مالک’ کے ذریعے شوبز میں واپسی اختیار کی تھی، لیکن اس فلم کو سنسر بورڈ کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم عاشر عظیم نے ہمت نہ ہاری اور سنسر بورڈ کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا، بالآخر وہ کیس تو جیت گئے اور فلم بھی ریلیز ہوگئی، لیکن اس سب قصے میں انہیں کافی زیادہ مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔عاشر عظیم پاکستان کسٹمز میں ایک اہم عہدے پر تعینات تھے، لیکن کچھ ناگزیر وجوہات کی بناء پر انہوں نے اپنی ملازمت سے استعفیٰ دیا اور پھر پاکستان بھی چھوڑ دیا اور اب وہ کینیڈا میں ٹرک چلاکر گزر بسر کر رہے ہیں، جس کی تصدیق انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا اورکہاکہ مجھے اس پر فخر ہے ۔
(نوٹ: اس المناک ملک بدری کی پس پردہ تفصیلی رپورٹ منگل کے روز ہماری ویب پر ملاحظہ کیجئے۔۔۔ٹیم عمران جونیئر)۔۔