کراچی پریس کلب کے صد ر سعید سربازی ،سیکرٹری شعیب احمد اور دیگر عہدیداروں نے اے آروائی نیوز کے لائسنس کی معطلی اور بندش کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہوئے نشریات کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔اپنے جاری کردہ بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ کسی جمہوری معاشرے میں میڈیا پر پابندی عائد نہیں کی جاتی۔اے آر وائی کے لائسنس کی معطلی اور نشریات کی بندش سے ہزاروں گھروں کے چولہے بجھ جائیں گے۔جمہوری دور حکومت میں غیر جمہوری اور آمرانہ اقدام بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔حکومت کی جانب سے میڈیا کے اداروں کی بندش انتہائی تشویشناک ہے۔ اس طرح کے غیر جمہوری اقدامات سے انتشار اور عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اے آر وائی کی نشریات کی بندش میڈیا کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے میڈیا کی جبری خاموشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اے آر وائی چینل کی بندش سے سیکڑوں میڈیا ورکرز کا روزگار خطرے میں پڑ گیا ہے ۔رمضا ن المبارک کے مقدس مہینے کی آمد سے قبل اس طرح کے اقدام سے صحافی برداری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اے آر وائی نیوز پر عائد پابندی ختم کرے ۔
اے آروائی پر عائد پابندی اٹھائی جائے، کراچی پریس کلب۔۔
Facebook Comments