اے آر وائی کے سپرہٹ ڈرامہ سیریل چیخ کی کہانی اور کردار بالی وڈ کی دامنی سے متاثر نکلے ۔کٹ کاپی پیسٹ اتنا کھل کے کیا گیا ہے کہ آپ خود حیران ہوجائیں گے۔۔دونوں فلموں کی کہانی کا مرکزی خیال ایک ہی کہ طاقتور خاندان کے فرد کی غریب خاندان کی لڑکی سے زیادتی ہے ۔ دامنی میں زیادتی کے بعد قتل ہوتا ہے ،چیخ میں زیادتی کی کوشش کےدوران قتل ہوتا ہے۔
دامنی میں متاثرہ خاتون گھر کی ملازمہ ،چیخ میں اس گھر کی بھابھی اور نند کی دوست ہوتی ہے۔۔دامنی میں میناکشی اور چیخ میں صبا قمر ظلم کیخلاف آواز اٹھاتے ہیں۔۔دونوں کہانیوں میں پہلے ملزم اور پھر مجرم دیور کا کردار ہوتا ہے جن کو بے نقاب ان کی بھابی کرتی ہیں۔۔
دامنی کی طرح چیخ میں بھی صبا کا شوہر پہلے اپنے خاندان کیلئے چپ رہتا ہے،اپنی بیوی کو خاموش رہنے کا کہتا ہے لیکن بعد میں اپنے ملزم بھائی کیخلاف اپنی بیوی کا ساتھ دیتا ہے۔۔چیخ میں بھی دامنی کی طرح ایک کرپٹ پولیس والا ہے جو ملزم کے پیچھے تو ہوتا ہے لیکن اپنی جیب بھرنے کیلئے ۔
دونوں کہانیوں میں ملزم کے وکیل کے کردار اہم ہیں جو کیس جیتنے کیلئے کسی بھی حد تک گرسکتے ہیں۔۔دامنی میں ملزم کا باپ اور چیخ میں بڑا بھائی ملزم کو غلط سمجھتے ہوئے بھی اپنے خاندان کی عزت کیلئے اور ملزم کو بچانے کیلئے اپنی جان لڑادیتے ہیں۔۔حد تو یہ ہے کہ ملازمین کے کردار تک کو کاپی کیا گیا ہے
ابھی تک چیخ میں ڈھائی کلو کے ہاتھ والے سنی دیول کا کردار سامنے نہیں آیا ۔ہمیں بس اب اسی کا انتظار ہے۔۔
چیخ ہی نہیں اس سے پہلے بھی کئی پاکستانی ڈراموں میں بالی وڈ کی فلموں اور پاکستانی ڈراموں کے اسکرپٹ کو اٹھا کر چھاپ دیا گیا ہے ۔(ریحان احمد)