دی آرٹس فورم پینل نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے انتخابات میں بائیو میٹرک ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کے بغیر الیکشن کی شفافیت برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوگا ۔یہ مطالبہ منگل کو ڈپٹی کمشنر ساؤتھ و چیف الیکشن کمشنر کے دفتر میں منعقدہ ضابطہ اخلاق سے متعلق ایک اجلاس میں دی آرٹس فورم پینل کے صدارتی امیدوار نجم الدین شیخ کی جانب سے کیا گیا ۔اجلاس میں انتخابات میں حصہ لینے والے تینوں گروپوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔نجم الدین شیخ کے مطالبے پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات کرنے کے لیے زیادہ وقت چاہیے اس لیے فوری طور پر یہ عمل ممکن نہیں ہے ۔نجم الدین شیخ نے کہاکہ آرٹس کونسل کے زیادہ تر ممبران کی بائیو میٹرک ویری فکیشن ہوچکی ہے اس لیے انتخابات میں بائیومیٹرک ووٹنگ کو رائج کرنا مشکل امر نہیں ہے ۔ انتخابات میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام انتہائی ضروری ہے ۔نجم الدین شیخ نے چیف الیکشن کمشنر کی توجہ برسراقتدار گروپ کی جانب سے کی جانے والی انتخابی بے ضابطگیوں کی جانب بھی مبذول کرائی ۔انہوں نے کہا کہ برسراقتدار گروپ آرٹس کونسل کے تمام وسائل اور ملازمین کو اپنی انتخابی مہم میں استعمال کررہاہے اور انتظامیہ کا کردار محض انتظامات کی حد تک محدود ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے تمام گروپس کو برابری کے مواقع نہیں دیئے جارہے ہیں اور ایک گروپ کی جانب جھکاؤ واضح انداز میں نظر آرہا ہے ۔
![hubbul patni | Imran Junior](https://imranjunior.com/wp-content/uploads/2020/03/how-to-write.jpg)