ptv se 1200 se zaid postein khatam kardin

ارطغرل کی ڈبنگ روک دی ،پی ٹی وی کی تصدیق۔۔

خصوصی رپورٹ۔۔

معروف ترک ڈرامہ سیریل ”ارطغرل” کی ڈبنگ کا سلسلہ روک دیا گیا،ترک میڈیا کے مطابق اس کی وجہ عرب ریاستوں کا دباو ہوسکتا ہے۔ڈبنگ ٹیم کی  ایک رکن دیا رحمان نے انکشاف کیا ہے کہ ان سے فیس بک پر پوچھا جارہا ہے کہ ترکی کے مشہور ڈرامہ کو جس کی اردو میں ڈبنگ ہورہی تھی وہ کیوں روک دی گئی ہے۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ اس حوالے سے چہ میگوئیاں ہو رہی تھیں اس لئے انہوں نے ڈرامہ سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹس بتانے کیلئے ویڈیو پیغام جاری کیاہے۔انہوں نے کہا پی ٹی وی کے ہیڈکوارٹر میں اس ڈرامہ کی چھ اقساط کی اردو میں ڈبنگ کی گئی تاہم پھر بغیر کوئی وجہ بتائے مزید ڈبنگ کرنے سے روک دیا گیااور یہ بھی نہیں بتایا گیاکہ آیا اب دوبارہ سے ڈبنگ ہو گی بھی سہی یا نہیں۔دیا کے مطابق ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ پی ٹی وی انتظامیہ سمجھتی ہو کہ اس ڈرامہ کو پاکستان کے سرکاری ٹی وی سے نہیں دکھایا جانا چاہئے۔

ان کے مطابق اس کی دوسری وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ شاید پی ٹی وی اسی پرائیویٹ چینل سے ڈبنگ کروالے جس سے پہلے بھی کرواکے چلاتا رہا ہے۔انہوں نے کہا ویڈیو بنانے کا مقصد لوگوں کو تازہ ترین صورتحال سے آگا ہ کرنا ہے۔ترکی اردو کے نام سے چلنے والے ایک ٹویٹر اکاونٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈرامے کو پی ٹی وی سے دکھائے جانے کا اعلان کیا تھا اور اس کی 6 اقساط کی ڈبنگ ہوئی مگر پھر اچانک سلسلہ بند کر دیا گیا۔ مبصرین کے مطابق اس کی وجہ عرب ریاستوں کا دباو ہو سکتا ہے۔ترکی اردو نے اپنی پوسٹ میں مبصرین سے متعلق تبصرہ تو شائع کیا ہے البتہ یہ نہیں بتایا کہ وہ مبصرین کون ہیں۔

دوسری طرف پاکستان ٹیلی ویژن نے معروف ترک ڈرامہ ”ارطغرل“ کی اردو میں ڈبنگ کا سلسلہ رکنے کی تصدیق کردی  اور سرکاری ٹی وی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں ڈبنگ رکنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’پی ٹی وی فی الحال ”ارطغرل“کی ڈبنگ کے بہترین آپشنز پر کام کررہا ہے۔اس تاریخی اور عظیم ڈرامہ پر انتہائی باریک بینی سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وائس اوور ز کی تبدیلی سے اس کا اصل مفہوم نہ کھوجائے‘۔ترک میڈیا ’ترکی اردو‘ کے ٹویٹ کے جواب میں سرکاری ٹی وی نےٹویٹ کیا کہ’پی ٹی وی ترک ڈرامہ سیریل’ ارطغرل ‘کی اردو ڈبنگ کے ساتھ جلد از جلد براڈکاسٹنگ کیلئے پوری طرح تیارہے۔اس حوالے سے میڈیا کے ایک مخصوص حلقے میں ہونے والی چہ میگوئیاں بے بنیاد اور جھوٹ ہیں۔اس حوالے سے پی ٹی وی نے آج ہی بیان جاری کیا ہے۔۔سرکاری ٹی وی کے مطابق جیسے ہی بہترین لوگوں کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوگا ڈرامے کی ڈبنگ شروع ہوجائے گی۔پی ٹی وی اپنے ناظرین کو ڈرامہ کی ڈبنگ اور آن ایئر ہونے سے متعلق شیڈول کی تفصیلات وقتا فوقتا پی ٹی وی نیوز ، ٹویٹر ااور فیس بک پر جاری کرتارہے گا۔پی ٹی وی نے اپنا بیان ٹویٹر کے علاوہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر بھی جاری کیا ہے۔۔(خصوصی رپورٹ)۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں