karachi press club election democration panel ka aelan

ارشدندیم کیلئے پریس کلب کی لائف ممبرشپ کا اعلان۔۔

کراچی پریس کلب نے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو کلب کی لائف ٹائم ممبر شپ دینے کا اعلان کیا ہے ۔اس ضمن میں کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمداور مجلس عاملہ نے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی محنت اور لگن سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے،انہوں نے ایک بار پھر اولمپکس گیمز میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ا رشد ندیم نے بھرپور محنت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا ہے۔ ان کی کامیابی نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں، ان کی اس کامیابی پر پوری قوم ان کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔ ارشد ندیم کی جیت نے جشن آزادی کی خوشی کو دوبالا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیٹے ارشد ندیم نے اولمپکس کی دنیا میں تاریخ رقم کردی، قوم اپنے ہیرو کے ساتھ کھڑی ہے۔اولمپئن ارشد ندیم نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہیں کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی سے منزل کا حصول ممکن ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اور 40 سال بعد جیو لین تھرو میں 92.97 میٹر کا تاریخی ریکارڈ قائم کر کے پاکستان کو گول میڈل دلایا ہے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا کراچی پریس کلب کی روایت رہی ہے ۔ماضی میں بھی مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو کراچی پریس کلب کی جانب سے لائف ٹائم ممبر شپ دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کے تاریخی کارنامے پر انہیں کراچی پریس کلب کی جانب لائف ٹائم ممبر شپ دی جائے گی ۔اس حوالے سے جلد کراچی پریس کلب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی پریس کلب کی جانب سے عمران خان ،جاوید میانداد ،جہانگیر خان،مہیلا جے وردھنے ،سری کانت ،حنیف محمد ، سمیت کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کولائف ٹائم ممبر شپ دی جاچکی ہے ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں