ارشدانصاری صحافیوں کا فخر ہیں، پی یوجے۔۔

 پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کو تمغہ امتیاز کے لئے نامزد ہونے پر مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ ارشد انصاری صحافیوں کا فخر اور مان ہیں ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ،نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی  اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے مبارک باد کے پیغام میں کہا ہے کہ بلاشبہ ارشد انصاری ایک ایسا لیڈر ہے جس کی دلیرانہ اور دانشمندانہ  قیادت کے باعث صحافیوں کو درپیش مسائل اجاگر بھی ہوئے اور ان کے حل کے لئے عملی اقدامات بھی اٹھائے گئے ۔ لاہور میں صحافیوں کے لئے پنجاب جرنلسٹس ہائوسنگ فائونڈیشن کا قیام اور اس کے تحت نہ صرف لاہور بلکہ راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں کے لئے صحافی کالونی اور میڈیا ٹائون کا قیام اس کی ایک واضح عملی تصویر ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ صحافی برادری تو ہمیشہ ارشد انصاری پر بھرپور اعتماد کرتی ہے جس کا ایک ثبوت ان کا 13 مرتبہ لاہور پریس کلب کا صدر منتخب ہونا اور دوسری مرتبہ مسلسل پی ایف یوجے کا سیکرٹری جنرل بننا ہے جبکہ اب حکومت نے ارشد انصاری کو تمغہ امتیاز کے لئے نامزد کرکے صحافیوں کے مان کو مزید بڑھایا ہے۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ ارشد انصاری صحافیوں کے حقیقی لیڈر ہیں جو ہمیشہ صحافیوں کے دکھ سکھ میں ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں ۔حکومت کا ارشد انصاری کو تمغہ امتیاز کے لئے نامزد کرنا درحقیقت صحافیوں کے لئے کچھ اچھا کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور عزت افزائی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی یوجے جلد اپنی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں ارشد انصاری کے لئے ایک تقریب کا انعقاد بھی کرئے گی۔دریں اثنا پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی حکومت پاکستان کی جانب سے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کو تمغہ امتیاز دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے۔ پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی صحافی برادری کے لئے گراں قدر خدمات انجام دینے پر ارشد انصاری کی نامزدگی ہوئی ہے ۔تمغہ امتیاز دینے کی تقریب 23 مارچ کو منعقد ہو گی۔پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے صدر خواجہ نصیر اور جنرل سیکرٹری عدنان شیخ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کو تمغہ امتیاز دینے کے اعلان قابل ستائش ہے تیرہ مرتبہ ووٹرز کے اعتماد سے لاہور پریس کلب کے صدر بننے والے ارشد انصاری کا نام لاہور اور ملکی صحافت میں کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ارشد انصاری کی صحافی برادری کے لئے خدمات گراں قدرہیں صحافیوں کے حقوق کی لڑائی ہو یا لاہور کے صحافیوں کے لئے رہائشی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے جبکہ بطور صحافی بھی تیس برس سے صحافت سے منسلک ہیں۔ صدر اور جنرل سیکرٹری پریس گیلری کمیٹی کا کہنا ہے کہ گیلری جلد ہی اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کرے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں