app mulazimeen par laazmi service act naafiz

اے پی پی ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ نافذ۔۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ نافذ کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے وزارت داخلہ کی سمری کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق لازمی سروس ایکٹ 1952 کے تحت ملازمین پر احتجاج، مظاہروں پر پابندی ہوگی۔دریں اثنا لاہور پریس کلب نے قومی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں حکومت کی طرف سے منظور شدہ اضافے نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزارت اطلاعات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اے پی پی کے پنشنرز کے مسائل حل کرے۔ لاہور پریس کلب کے صدر، سیکرٹری اور عہدیداران نے اس حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اے پی پی کا بورڈ آف ڈائریکٹرز پنشن میں اضافے کی منظوری دے چکا ہے، جیسا کہ سالانہ بجٹ میں اعلان کیا گیا تھا، مگر اس کی ادائیگی نہیں ہو رہی۔ بورڈ نے سال 2015 سے 2018 تک پنشن میں اضافے کی اجازت دی تھی مگر اے پی پی کے پنشنرز 2018 سے آج تک پنشن پر نظر ثانی کا انتظار کر رہے ہیں۔ حکومت نے 208-19 میں پنشن میں 10 فیصد، 2019-20 میں 10 فیصد ، 2020-21 میں 10 فیصد اور 2022-23 میں اپریل سے 10 فیصد جبکہ اپریل سے 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے مگر اے پی پی بورڈ کی منظوری کے باوجود پنشنرز اس اضافے سے محروم ہیں۔ وفاقی محتسب نے بھی اس حوالے سے دائر کی گئی درخواستوں پر اے پی پی کی انتظامیہ کو واضح طور پر حکم دیا ہے کہ وہ اے پی پی کے پنشنرز کے تمام واجبات بشمول وفاقی بجٹ کے اعلانات کے مطابق سالانہ اضافے کو ادا کرے۔ جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر انتظامیہ کو حکم جاری کیا ہے کہ اس کارروائی سے بچنے کے لیے اے پی پی کے پنشنرز کو ایک ماہ کے اندر تمام واجبات کی ادائیگی کی جائے مگر اس کے باوجود پنشنرز اس اضافے اور بقایا جات کی ادائیگی سے محروم ہیں۔ لاہور پریس کلب کے عہدیداران نے کہا کہ تقریباً 300 سے زائد متاثرہ پنشنرز جن میں بیوائیں بھی شامل ہیں، بہت زیادہ مشکل میں ہیں اور موجودہ آسمان کو چھوتی ہوئی مہنگائی میں اپنے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے کڑی آزمائش سے گزر رہے ہیں۔ اس لئے وزارت اطلاعات کا فرض ہے کہ انہیں اس ذہنی اذیت کی کیفیت سے نجات دلائی جائے۔ لاہور پریس کلب نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد میں پنشنرز کے وفد سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کریں تاکہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے ان پنشنرز کے مسائل حل ہو سکیں۔ لاہور پریس کلب کے عہدیداران نے پنشنرز کو یقین دلایا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے جائز مطالبات حل کرانے کی کوششوں میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں