ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ایک ہزار سے زائد ملازمین کوعید کے فوری بعد ایک بڑی خوشخبری مل گئی ہے۔ وزارت خزانہ نے اے پی پی ملازمین کی تنخواہوں میں 30اور 35فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری وزارت خزانہ کی جانب سے دی گئی ہے، جسے اے پی پی ورکز اتحاد نے ملازمین کے لیے’’عید کا سب سے بڑا تحفہ‘‘ قرار دیا ہے۔اے پی پی ورکز اتحاد کے سرکردہ رہنماں خضر ملک، راجہ ندیم، سلیم ملک،رشید ملک، فرحت خٹک ،اے پی پی ایمپلائز یونین کے جوائنٹ سیکرٹری اے پی پی ایمپلائز یونین میاں مدثر الحسن، رکن مجلس عاملہ تبسم گل، آصف علی راجہ، را ذوالقرنین، عباس علی چوہان، خالد ربانی،یاور عباس، اور وینس ڈیوڈ نے اس اہم پیش رفت پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ورکرز اتحاد کے رہنمائوں نے کہا کہ موجودہ کمر توڑ مہنگائی میں سرکاری میڈیا اداروں کے ملازمین خاص طور پر اے پی پی کے کارکنان شدید مالی دبا ئوکا شکار تھے، ایسے میں تنخواہوں میں اضافہ ناگزیز تھا ۔انہوںنے کہا کہ یہ حکومتی سطح پر اے پی پی ملازمین کے مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لیے عملی قدم کا ثبوت بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے اے پی پی کے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندانوں کے دل جیت لئے گئے اور ان کی دعائیں ہمیشہ ان لوگوں کے ساتھ رہیں گی جنہوں نے ان کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کی اور عملی طور پر ساتھ دیا۔اے پی پی ورکز اتحاد نے امید ظاہر کی ہے کہ اسی جذبے کے تحت مستقبل میں بھی ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رہیں گے، اور ادارے کو مزید فعال، خودمختار اور باوقار بنانے کی راہ ہموار ہو گی۔