سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد ہمایوں دلاور نے قومی خبر رساں ادارے ”اے پی پی“ کے شعبہ آئی ٹی کے پروجیکٹ میں کروڑوں روپے مالیت کے کرپشن کیس میں نامزد ملزمان کی عبوری ضمانتیں منسوخ کر دیں، ملزمان احاطہ عدالت سے فرار ہو گئے ۔ جمعرات کو فاضل عدالت نے ملزمان سابق ڈائریکٹر آئی ٹی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر غواث خان ، سابق منیجر اکاونٹس ارشد مجید چوہدری ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی مصور عمران اور چیف کمپیوٹر انجینئر سعد مدثر خان سمیت 6ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ لیگل ایڈوائزر سردار محمد یعقوب مستوئی نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزمان نے پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قومی ادارے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا لہٰذا ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری مسترد کر دی۔
Facebook Comments