آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) اور پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ میڈیا کے 8 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کی جائیں۔نجی ٹی وی کے مطابق اے پی این ایس اور پی بی اے نے وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان پرشدیدتحفظات کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیاتھا کہ میڈیا انڈسٹری کے آدھے سے زائد واجبات کی ادائیگی کر دی گئی لیکن اس کے باوجود اس رقم کو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔فواد چوہدری نے کہا تھا کہ میڈیا کے ایک ارب 30 کروڑ روپے کے واجبات میں سے 60 کروڑ روپے میڈیا ہاؤسز کو جاری کر دیئے گئے ہیں۔اے پی این ایس اور پی بی اے کی جانب سے وزیر اطلاعات کے بیان کو جھوٹ اور میڈیا صنعت میں تنازعات کا باعث قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تحٖفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت پر میڈیا کی واجب الادا رقم ایک ارب 30 کروڑ روپے نہیں بلکہ 8 ارب روپے ہے اور اس میں سے حکومت نے 10 فیصد کی ادائیگی بھی نہیں کی۔بیان میں کہا گیا کہ ان 8 ارب روپے میں سے تقریباً 3 ارب روپے 4 سال سے زائد عرصے سے حکومت پر واجب الادا ہیں جب کہ باقی 3 ارب روپے 9 سے 15 ماہ کے درمیان حکومت پر واجب الادا ہیں۔۔
Facebook Comments