animated movie the glassworker oscars keliye muntakhib

اینی میٹڈ مووی دی گلاس ورکر آسکرز کیلئے منتخب۔۔

پاکستان اکیڈمی کی سلیکشن کمیٹی نے آسکر ایوارڈز مقابلے کے لیے عثمان ریاض کی اینیمیٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ کو منتخب کرلیا۔گلاس ورکر کو 2025 کے آسکر ز میں انٹرنیشنل فیچر فلم کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، یہ نہ صرف پاکستان کی پہلی اینی میٹڈ فیچر فلم بلکہ آسکر میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی اینیمیٹڈ فلم بھی ہے۔پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد علی نقوی کا کہنا ہے کہ یہ انتخاب ایک تاریخی سنگ میل ہے، کیونکہ گلاس ورکر پاکستان کی پہلی 2 ڈی ہینڈ ڈرائنگ اینیمیٹڈ فیچر بلکہ آسکر کے لیے پیش کی جانے والی ملک کی پہلی اینیمیٹڈ فیچر فلم ہوگی۔ یہ فلم 26 جولائی کو پاکستان میں ریلیز کی گئی۔ایک جنگ زدہ ملک کی کہانی پر مبنی اس فلم کی کہانی ونسنٹ اولیور نامی ایک نوجوان گلاس ورکر کی ہے جو وائلن بجانے والے علیز امانو کے ساتھ دوستی کرتا ہے۔اس فلم کے لکھاری اور ڈائریکٹر عثمان ریاض ہیں، اسے خضر ریاض اور مینوئل کرسٹوبل نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ مریم پراچہ ایسوسی ایٹ پروڈیوسر اور اظہر حمید، آرٹ ملک، امید ریاض اور اپوروا بخشی ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔اس سال کی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی محمد علی نقوی کر رہے ہیں، جس میں فلم ساز ثاقب ملک، پروڈیوسر عابد مرچنٹ، اداکار محب مرزا، ہمایوں سعید، واسع چوہدری اور علینہ خان، ہدایت کار کنول کھوسٹ، ڈائریکٹر انعم عباس، ڈائریکٹر عافیہ نتھانیل، گریمی ایوارڈ یافتہ آرٹسٹ عروج آفتاب، پروڈیوسر فضا علی میرزا، پی ٹی وی کی سابق جنرل منیجر منیزہ ہاشمی اور فلم فنڈ کے بانی اکبر حامد شامل ہیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں