نوائے وقت گروپ کے انگریزی اخبار دی نیشن کو بھی بندکردیاگیااس سے پہلے اسی گروپ نے اپنا نیوزچینل وقت بندکرکے سیکڑوں کارکنوں کو فارغ کردیاتھااور ان کے واجبات کی ادائیگیاں بھی اب تک نہ کرسکا۔ نوائے وقت اخبارکے ملک بھر میں سینکڑوں ملازمین بھی کئی ماہ سے سیلری سے محروم ہیں لیکن کوئی انکی فریاد نہیں سن رہا۔۔دریں اثنا پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی سیکرٹری جنرل رانا عظیم، پی یو جے کے صدر شہزاد حسین بٹ، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، لاہور پریس کلب کے سیکرٹری بابر ڈوگر پی یو جے کے جنرل سیکرٹری اشرف مجید، ایمرا کے صدر آصف بٹ اور جنرل سیکرٹری سلیم شیخ نے نوائے وقت گروپ کے انگلش نیوز پیپر نیشن کے بند ہونے کو صحافتی برادری کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ ایک ایسا ادارہ جو کہ پاکستان کیلئے خاص اہمیت رکھتا تھا اس ادارے کا پہلے ٹی وی چینل کو بند کر کے سینکڑوں کارکنوں کو بے روزگار کیا گیا اور اب نیشن کو بند کر کے ڈمی اخبار بنا کر مزید کارکنوں کو نہ صرف بے روزگار کیا گیا بلکہ ایک بڑے ادارے اور مجید نظامی مرحوم کو نقصان پہنچایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس کی حکومت اور رمیزہ نظامی دونوں ذمہ دار ہیں ایک سال کے اندر دو اداروں کا بند ہونا لمحہ فکریہ ہے مالکان کے اپنے تو تمام اخراجات پورے ہو رہے ہیں. مگر صحافتی کارکنوں کے چولہے بجھائے جا رہے ہیں جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں انہوں نے کہا کہ نیب سمیت تمام اداروں کو ایسے تمام میڈیا ہاوسز جو کارکنوں کا معاشی قتل کر رہے ہیں اور اداروں کو بند کر کے ڈمی اخبارات اور چینل لا کر اشتہارات کے پیسے کھا رہے ہیں اور انہی اداروں سے اربوں روپے کما کر خود سکھ کی بانسری بجا رہے ہیں ان کا احتساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیشن اور وقت کی بندش کو مالی خسارہ قرار دے رہے ہیں تو پھر ہم ان کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ ادارے کارکنوں کے حوالے کر دیں ہم خود ان اداروں کو چلا کر دکھاتے ہیں بروقت سیلریز بھی دیں گے اور ان کا نقصان بھی نہیں ہونے دیں گے ۔
Facebook Comments