آئے روز سوشل میڈیا پر مختلف اسکینڈلز کی زد میں رہنے والے سندھی ٹیلی وژن اینکر، شاعر ارشاد جاگیرانی اور خاتون اداکارہ روبی علی کیخلاف بے حیائی پھیلانے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کی نائنتھ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں وکیل گلزار علی عالمانی کی جانب سے بائیس اے سیکشن کے تحت دائر درخواست پر فیصلہ سنادیاگیا۔ درخواست گزار نے سولہ جون کو عدالت میں درخواست دائر کی تھی، عدالت نے شواہد کی روشنی میں روبی علی اور ارشاد جاگیرانی کو بے حیائی پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے درخواست گزار کی استدعا منظور کرتے ہوئے پولیس کو دونوں فنکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم سنادیا۔ عدالت میں روبی اور ارشاد جاگیرانی کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انکے خلاف شکایات ایف آئی اے سائبر کرائم اور پیمرا کو کی جاسکتی ہے، پولیس کارروائی نہیں بنتی ، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ درخواست گذار کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کہ اس نے یہ تمام اقدام سستی شہرت کے لئے اٹھایا آخری اطلاعات تک دونوں کیخلاف مقدمہ درج نہیں ہوا تھا۔
اینکر اور اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم۔۔۔
Facebook Comments