عامرلیاقت نازیباوڈیوکیس، یاسرشامی کی ضمانت میں توثیق۔۔

سابق رکن قومی اسمبلی، مبلغ و اینکر مرحوم عامر لیاقت کی نامناسب ویڈیوز لیک کرنے کے کیس میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی عدالت نے یوٹیوبر یاسر شامی کی ضمانت میں توثیق کردی۔یاسر شامی پہلے ہی مذکورہ کیس میں پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر تھے جب کہ اسی کیس کی دوسری ملزمہ دانیہ شاہ بھی ضمانت پر ہیں۔ضمانت کی مدت ختم ہونے پر یاسر شامی 5 ستمبر کو کراچی کی سیشن کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے ضمانت کی درخواست دائر کی۔عدالت نے مزید پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض یاسر شامی کی ضمانت میں توثیق کی۔ضمانت ملنے کے بعد یاسر شامی نے عدالت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک صحافی ہیں اور ان کا کام صرف خبر دینا ہے، انہیں جو خبر ملی تھی، وہ انہوں نے ادارے کو بھجوادی، خبر کو نشر کرنا یا نہ کرنا ادارے کا کام ہے۔یاسر شامی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل نے خبر چلاکر کوئی غلط کام نہیں، انہوں نے کوئی قانون نہیں توڑا۔خیال رہے کہ نامناسب ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد عامر لیاقت حسین کا انتقال ہوا تھا اور ان کی موت کے چند ہفتوں بعد جولائی 2022 میں مرحوم کی سابق اور پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال نے اپنے بیٹے اور بیٹی کے ہمراہ دانیہ ملک کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے کراچی میں کیس دائر کرنے کے لیے درخواست دی تھی۔بعد ازاں ایف آئی اے نے نازیبا ویڈیوز لیک کرنے کے الزامات کے تحت دانیہ شاہ کے خلاف پیکا ایکٹ2016 کی دفعہ20 ، 21، 24 کے تحت 10 اکتوبر 2022 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ایف آئی اے میں کیس دائر ہونے کے بعد دسمبر 2022 میں ایف آئی اے نے پنجاب کے شہر لودھراں سے دانیہ ملک کو گرفتار کرلیا تھا، جسے بعد ازاں کراچی کی عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔ایک موقع پر کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے سوشل میڈیا پر نازیبا ویڈیو لیک کرنے سے متعلق کیس میں دانیہ ملک فرد جرم بھی عائد کی تھی اور مذکورہ کیس تاحال زیر سماعت ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں