معروف میزبان اور اداکار ساحر لودھی نے کہا ہے کہ اُنہیں نامور ٹی وی میزبان اور اسکالر مرحوم عامر لیاقت حسین پر فخر ہے، وہ ہر جمعرات اُن کی قبر پر بھی جاتے ہیں۔ساحر لودھی نے حال ہی میں اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی۔ پوڈکاسٹ میں ساحر لودھی نے سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “میں نے کبھی تنقید پر توجہ نہیں دی، اسی طرح شائستہ بھی ٹرولنگ کو نظر انداز کرتی ہے”۔ساحر لودھی نے کہا کہ “کوئی مجھے جتنا مرضی بُرا یا غلط کہے، مجھ پر تنقید کرے، مجھے فرق نہیں پڑتا۔اُنہوں نے مرحوم اسکالر اور ٹی وی شو میزبان عامر لیاقت حسین کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ “عامر لیاقت کے انتقال سے 15 دن پہلے اُن سے ملاقات ہوئی تھی اور جب اُن کا انتقال ہوا تو یقین نہیں آیا اور لگا جیسے میں نے اپنا بھائی کھو دیا ہے۔ عامر لیاقت میرے بہت اچھے دوست تھے، میں اُن کے بارے میں وہ باتیں بھی جانتا ہوں جو کوئی دوسرا نہیں جانتا، میں نے لوگوں میں اُنہیں پیسے بانٹتے ہوئے بھی دیکھا ہے، میں ہر جمعرات اُن کی قبر پر بھی جاتا ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ “مجھے اپنی زندگی میں دو لوگوں پر ہمیشہ فخر رہا ہے، ایک امجد صابری اور دوسرے عامر لیاقت حسین، دونوں سچے انسان تھے اور میرے بہترین دوست تھے۔