amir latif hamla case mulzimaan remand par police ke hawale

عامرلطیف حملہ کیس، ملزمان ریمانڈ پر پولیس کے حوالے۔۔

کراچی کی مقامی عدالت نے سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹری عامر لطیف پر تشدد میں ملوث ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔بدھ کو تھانہ پریڈی نے سینئر صحافی عامر لطیف پر تشدد میں ملوث ملزم محمد اظہر کو کراچی کی مقامی عدالت میں پیش کیا ۔تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرنا ہے ۔مدعی مقدمہ اسپتال میں ہے ان کی نشاندہی پر کیس پراپرٹی قبضہ میں لے لی ہے ۔عدالت نے ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ پرواقع امبرمیڈیکل سینٹرکے پارکنگ ایریا میں ملزمان نے کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹری اورنیوزایجنسی آن لائن کے بیورو چیف عامر لطیف پر حملہ کیا جس سے وہ زخمی ہو گئے۔واقعے کے خلاف پریڈی تھانے میں عامر لطیف کی مدعیت میں اقدامِ قتل، ہنگامہ آرائی اور نقصان پہنچانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں اظہر، اسلم، منیب اور دیگر 4 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔اظہر نامی ملزم کو لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ دیگر مفرور ہیں۔دریں اثناء کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمدرضوان بھٹی اور دیگرعہدیداران و گورننگ باڈی کے ارکان نے کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹری اور آن لائن نیوز ایجنسی کے بیورو چیف عامر لطیف پر شرپسند عناصرکی جانب سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیاہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمان کو گرفتار کیاجائے ۔کراچی پریس کلب کی جانب سے جاری بیان میں فاضل جمیلی اور محمدرضوان بھٹی نے کہاکہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت لیت ولعل سے کام لے رہی ہے ۔مختلف حلقوں کی جانب سے آئے روز صحافیوں پرتشدد،جان لیوا حملے اور دھمکیوں کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں جوکہ متعلقہ اداروں کی غفلت اورلاپرواہی کانتیجہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صحافتی حلقوں کی جانب سے متعلقہ اداروں کی توجہ اس طرح کے واقعات کی طرف باربارمبذول کرانے کے باوجودایسے کی واقعات کی روک تھام کے لے کچھ نہیں کیاجارہاایک اور سینئرصحافی پر شرپسندوں کا حملہ سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں اور ایف آئی آر میں نامزدتمام ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔انہوں متنبہ کیاکہ اگرکسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ کیاگیا تو صحافتی حلقے آئندہ کے لائحہ عمل اور سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

How to write on Imranjunior website
How to write on Imranjunior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں