اے آر وائی نیوزکے کنٹرولر عامر اسحاق سہروردی نے گھر پر پولیس کے چھاپے اور اہل خانہ سے بدتمیزی اور دھمکیوں سے متعلق اعلیٰ حکام کو خط لکھ دیا۔۔جس میں ان کا کہنا ہے کہ ۔۔پولیس کی بھاری نفری نے ان کے گھر پرچھاپہ مارا اس وقت وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔۔ پولیس نے عامر اسحٰق سہروردی کے گھر والوں کو ڈرایا دھمکایا اس وقت گھر پر موجود عامر سہر وردی کے بھانجے کو بھی پولیس اہلکاروں نے دھمکیاں دیں اور کہا کہ اگر انہوں نے اپنی روش نہیں بدلی تو اٹھا کر لے جائیں گے ۔ عامر اسحٰق سہروردی نے اس حرکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی اوچھی حرکتوں سے سچ کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا ۔ انہوں نے اس واقعہ کے پس پردہ موجود عوامل کو متنبہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو کسی بھی قسم کا کوئی نقصان پہنچتا ہے تو اس کے ذمہ دار وہی لوگ ہوں گے جنہوں نے ان کی غیر موجودگی میں ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں دی تھیں۔دریں اثنا کے یوجے نے سینئر صحافی اور اے آر وائی نیوز کے کنٹرولر نیوز عامر اسحق سہروردی کے گھر پر پولیس کے بلاوجواز چھاپے اور اہلخانہ کو ہراساں کرنے اور ان کے ساتھ بدتمیزی کی شدید مذمت کی ہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر حسن عباس۔ جنرل سیکریٹری عاجز جمالی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک عمل ہے کہ سندھ پولیس بالخصوص کراچی پولیس نے صحافیوں کے خلاف مسلسل یہ وطیرہ اختیار کرلیا ہے کہ وہ یا تو صحافیوں پر جھوٹے الزامات پر مقدمات درج کررہی ہے یا پھر انہیں ڈرانے دھمکانے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں کررہی کہ صحافیوں کو ہراساں کرکے انھیں فرائض کی ادائیگی سے روک سکے۔ کے یوجے عامر اسحق سہروردی کے گھر پر بلاجواز اور غیرقانونی چھاپے کو آزادی اظہار اور آزادی رائے پر حملہ سمجھتی ہے اور وزیر اعلی سندھ سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیکر متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ورنہ کے یوجے اپنے احتجاج کے لیے لائحہ عمل طے کرے گی۔
اے آر وائی نیوزکے کنٹرولرکا ایس او ایس۔۔
Facebook Comments