Amend ka salana ijlas

ایمنڈ کا سالانہ اجلاس، نئے عہدیداران کا انتخاب۔۔

ایسوسی  ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے حکومت پنجاب کی جانب سے تیار کئے گئے ہتک عزت کے مجوزہ بل اور وفاقی حکومت کے پیکا ترمیمی بل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر عجلت میں منظور کیا گیا کوئی بھی قانون آزادی اظہار رائے کا گلہ گھونٹنے کے مترادف ہوگا۔ایمنڈ کی جنرل باڈی کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں ملک میں آزادی صحافت کی موجودہ صورتحال اور الیکٹرانک میڈیا کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں کہا گیا ایمنڈ ہتک عزت اور فیک نیوز کے تدارک کے لئے قانون سازی کی مخالف نہیں تاہم کوئی بھی قانون بنانے سے پہلے نہ صرف اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے بلکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسا کوئی قانون آزادی اظہار رائے کو متاثر نہ کرے۔جنرل باڈی اجلاس میں سال 2024 سے 2026 کے لئے عہدیداران کا انتخاب کیا گیا جس کے مطابق جیو نیوز کے اظہر عباس صدر، سماء نیوز کے طارق محمود سیکرٹری جنرل، ایکسپریس نیوز کے ایاز خان سینئر نائب صدر، نیو نیوز کے محمد عثمان نائب صدر، ہم نیوز کے ریحان احمد اور 24 نیوز کے میاں طاہر جوائنٹ سیکرٹریز ہوں گے جبکہ شہاب محمود فنانس سیکرٹری کی ذمہ داری ادا کریں گے۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین میں مبارک علی اویس اقبال محمد نوشاد على كامران لاشاری محسن رضا معصوم رضوی عماديوسف زاہد مظہر شامل ہیں۔اجلاس کے موقع پر مختلف قرار دایں بھی منظور کی گئیں۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اور نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) کے نومنتخب عہدے داروں کو مبارکباد دی ہے۔وزیرا عظم نے اس حوالے سے کہا کہ ایڈیٹرز اور نیوز ڈائریکٹرز کا ریاست میں مثبت صحافت کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ امید ہے نو منتخب ارکان آزادی اظہار رائے کے فروغ اور سماجی مسائل اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، میڈیا کی ترقی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مکمل تعاون کریں گے۔ علاوہ ازیں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر شیراز حسنات، نائب صدر امجد عثمانی، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیاایڈیٹرزاینڈ نیوزڈائریکٹرز کے الیکشن میں  نومنتخب صدر اظہر عباس ، سینئرنائب صدر ایازخان ، نائب صدرمحمدعثمان ، سیکرٹری جنرل طارق محمود ، جوائنٹ سیکرٹری میاں طاہر، جوائنٹ سیکرٹری ریحان خان اور فنانس سیکرٹری شہاب محمود کو منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہاہے کہ ایڈیٹرزاینڈنیوزڈائریکٹرزکا شعبہ میڈیا صنعت کا اہم اور حساس شعبہ ہے جس کی اہمیت روزروشن کی طرح عیاں ہے ۔ لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیاایڈیٹرزاینڈ نیوزڈائریکٹرز کی نومنتخب باڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہرکی ہے کہ وہ دیگر صحافی تنظیموں کے ساتھ ملکر صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے اپنابھرپور کردار ادا کرے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں