معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا کہ مجھے پڑوسی ملک سے بھی فلم کی آفر ہوئی تھی، جس میں بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی والدہ کا کردار نبھانا تھا، تاہم پلوامہ حادثہ ہو گیا جس کی وجہ بھارت نہ جا سکی۔نجی چینل کے پروگرام میں اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ لیجنڈری اداکار معین اختر اور عمر شریف کی صلاحیتوں اور شخصیت کا کوئی ثانی نہیں۔انہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے سوال کے جواب میں بتایا کہ میرا پورا گھرانہ موسیقی سے لگاؤ رکھتا تھا اور اب بھی رکھتا ہے، 9 برس کی عمر میں جب ٹی وی پروگرام میں گانا گانے کا موقع ملا تو اس وقت گانا گانے کے 20 روپے ملتے تھے اور وہ بھی امی لے لیا کرتی تھیں۔انہوں نے ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب کی بطور سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات خدمات کو خوب سراہا اور کہا کہ انہوں نے آرٹسٹوں اور فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے قابلِ ذکر خدمات انجام دیں، گرانٹ دیں، ٹیکس سے چھوٹ دی، آرٹسٹوں کی رائلٹی کے لیے قانون سازی کی جو اس سے پہلے کبھی نہیں کی گئی۔