تحریر : سید عارف مصطفیٰ
کوئی صاحب بصیرت و دانا شخص مجھے یہ بتائے سمجھائے اور ثواب دارین پائے کہ
1- میں جب کبھی زیادہ بن ٹھن کے کسی اہم کام سے نکلتا ہوں تو اسی روز ساری خلقت کو چھوڑ کرکوئی پرندہ اپنی بدہضمی کی رپورٹ گرانے کے لیئے مجھی کو کیوں چنتا ہے یا عین اس طرح کے خاص دن میں کیچڑ میں سلپ کیوں ہوجاتا ہوں ؟؟
2- اگر اتفاقاً کبھی میری پتلون اندر کہیں ایک آدھ جگہ سے ادھڑ جاتی ہے تو نجانے سارے زمانے کو کیسے خبر ہو جاتی ہے اور ہر راہ چلتا بندہ مجھے بغور کیوں دیکھتا ہے اور بعضوں کے چہرے پہ تو ایسی خبیثانہ مسکراہٹ بھی ہوتی ہے کہ کلیجہ کباب ہوجاتا ہے۔۔۔ ؟؟
3- جب بھی کبھی میں کسی کام کا بجٹ بناتا ہوں تو وہ لازمی فیل کیوں ہوجاتا ہے لیکن نہ بناؤں تب سب ٹھیک کیسے رہتا ہے ؟؟
4- اشیاء کو ٹوٹنے سے بچانے کے لیئے اٹھاتا ہوں تو آخر کیوں ہاتھوں میں اٹھائے ڈھیر میں سے سب سے زیادہ قیمتی شے ہی سب سے پہلے گر کر ٹوٹ جاتی ہے اور اسے بچانے کی کوشش میں مزید دو تین اشیاء کیوں ٹوٹ جاتی ہیں ؟؟
5- جس روز میں بہت عجلت میں کسی کام کے لیئے نکلتا ہوں عین اسی روز کوئی فضول سی باتونی شخصیت مجھے رستے میں کیوں ٹکر جاتی ہے اور میری وہ ساری عجلت دھری کی دھری رہ جاتی ہے ؟؟
6- اگر کبھی روزہ نہ رکھ پاؤں تو بھری دوپہر میں کئی لوگوں کے سامنے زور دار ڈکار کیوں آجاتی ہے ؟؟
7- کفایت شعاری کی غرض سے کبھی سستے بازار کا رخ کرتا ہوں تو اتنی سبزیاں کیوں خرید لاتا ہوں کہ ہفتے بھر بعد آدھی کو کچرے دان کی نذر کرنا پڑتا ہے ؟؟
8- جیسے تیسے جب چند پیسے جمع ہوپاتے ہیں تبھی گھر کی مشینیں و برقی اشیاء اوپر تلے خراب کیوں ہوجاتی ہیں اور دیگر خریداریوں کے ارمان دھرے رہ جاتے ہیں ؟؟
– 9- جب میں لوگوں کو متاثر کرنے کی غرض سے کبھی کسی مجمعے میں بڑے دلنشیں انداز میں کوئی بات کرنی شروع کرتا ہوں تو درمیان ہی میں پہنچتے ہی وہ موضوع کیوں بھول جاتا ہوں یوں نتیجتاً بڑی فرمائش سے ہٹادیا جاتا ہوں ؟؟
10- گاہے کسی تقریب میں مدعو کیا جاتا ہوں اور میں یونہی اخلاقاً شائستگی سے میزبان سے اگر یہ پوچھ لیتا ہوں کہ “میرے لائق کوئی کام ! ” تو وہ اسی موقع کا اتنا شدید منتظر کیوں ہوتا ہے اور لپک کے کوئی دقت طلب بیزار کن کام لازماً کیوں پکڑا دیتا ہے ؟؟
11- کسی اہم کام کے وقت ہی میری گاڑی آخر کیوں بروقت اسٹارٹ ہوکے نہیں دیتی ۔۔۔ ؟؟
12- دوران خریداری دکاندار مجھ سے یہ کیوں کہتے ہیں کہ ” یہ قیمت صرف آپکے لیئے ہے” ۔۔۔ اور جب میں وہ شے گھر لے آتا ہوں تو دکاندار کی یہ بات سچی کیوں نکلتی ہے ؟؟ کیونکہ وہ مجھ عاجز سے اس شے کی اتنی زیادہ قیمت لے مرتے ہیں کہ بیگم اسکی صحیح قیمت جتا جتا کر کئی روز عاجز کیئے رکھتی ہیں ؟؟
13- ڈائیٹنگ کا جب بھی پکا ارادہ کرتا ہوں تو مرغن کھانا خوب پیٹ بھرکھانے سے پہلے مجھے وہ ارادہ کبھی یاد کیوں نہیں آ پاتا ؟؟
14- جب کبھی طبیعت میں ذرا سرور ہو اور میں ہلکا پھلکا گانے پہ اتر آؤں تو اسی وقت پڑوسی کا کتا لگاتار کیوں بھونکنے لگتا ہے ؟؟
15- کسی شدید ارجنٹ اور اہم کام سے کسی جاننے والے کے دفتر جا دھمکتا ہوں تو وہ صرف اسی دن آفس کی چھٹی کیوں کرلیتا ہے ؟؟(سید عارف مصطفیٰ)۔۔۔