اخباری مالکان نے ہاکرز سے ہاتھ کردیا

اخباری مالکان نے اخبارفروشوں سے بھی ہاتھ کردیا، طے شدہ کمیشن دینے سے انکار کردیا جس پر انجمن اخبار فروشاں نے اخباری مالکان کو وارننگ جاری کردی۔۔ تفصیلات کے مطابق انجمن اخبار فروشاں حیدرآباد کا اجلاس افضال شاہ میڈیا سینٹر اخبار مارکیٹ میں صدر سید عامر افضال شاہ کی زیر صدارت منعقد کیا گیا جس میں جنرل سیکرٹری عبدالحکیم منان‘ جوائنٹ سیکرٹری صغیر احمد‘ سیکرٹری مالیات عمران شریف‘ پریس سیکریٹری اسلم قریشی‘ رکن مجلس عاملہ عمران قریشی‘ سلیم الدین‘ اعجاز احمد‘ طارق خان‘افضال احمد‘ عدنان لیاقت‘ محمد ذاکر‘ شہزاد انصاری اور تنویر گدی نے شرکت کی۔ اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے کہا کہ فیڈریشن ملک بھر کے اخبار فروشوں کے کاروبار کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں کررہی ہے اور اخبار فروشوں کی فلاح وبہبود کے لئے بھی حکومت پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہیں‘ حیدرآباد کا ہمیشہ فیڈریشن قائم ہونے سے لیکر آج تک اخبار فروشوں کے لئے مثبت کردار رہا ہے‘ ہم اپنی یکجہتی کے ساتھ ہر طرح کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید عامر افضال نے کہا کہ بعض اخبارات اخبار فروشی کے خلاف اپنی پالیسی بنا رہے ہیں جو کہ سراسر اخبار فروشوں سے دشمنی کے مترادف ہے ماضی میں بھی کچھ لوگوں نے کوشش کی تو ملک بھر کے اخبار فروشوں نے اپنے اتحاد سے انہیں کامیاب ہونے نہیں دیا اور انشاءاﷲ اب بھی ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مالکان اخبارات APNS کے فیصلے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں‘ APNSکا مقرر کردہ کمیشن اخبار فروش کو نہیں دیا جا رہا۔ انجمن اخبار فروشاں حیدرآباد سمیت ملک بھر کے اخبار فروش آل پاکستان اخبارفروش فیڈریشن کے پرچم تلے سب ایک ہیں اور ٹکا خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ عبدالحکیم منان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو اخبارات کمیشن کم دے رہے ہیں وہ فوراً کمیشن میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت مقامی ایجنٹوں کے تعاون سے غریب اخبار فروشوں کی بھی مدد کرتے ہیں۔ اجلاس سے صغیر احمد‘ عمران شریف‘ اسلم قریشی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں ایک قرارداد کے ذریعے انجمن اخبار فروشاں حیدرآباد کا نیا کارڈ جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور بیماروں کے لیے بھی دعائے صحت بھی کی گئی۔

How to Write for Imran Junior website
How to Write for Imran Junior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں