اے پی این ایس خیبر پختونخوا کے چیئرمین پیر ہارون شاہ نے نیب کی جانب سے اخبارات کوسرکولیشن کے حوالے سے نوٹسز کے اجراء پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اسے اخباری صنعت کیلئے تباہ کن قراردیا ہے اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر یہ سلسلہ روکا جائے ، وہ پشاور میں سوسائٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر اے پی این ایس کے ممبرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی،پیر ہارون شاہ نے مقامی اخبارات کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات کی اے بی سی کی چیکنگ کے حوالے سے کسی بھی پالیسی پر عملدرآمد سے پہلے اے پی این ایس کو اعتماد میں لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ نیب اور پی آئی ڈی کی جانب سے سرکولیش کے حوالے سے مختلف اخبارات کو نوٹسز جاری کئے جارہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور یہ سلسلہ روکا جائے ،اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں حکومت اور نیب سے مطالبہ کیا گیا کہ اس حوالے سے اخبارات کے خلاف کارروائی بند کیجائے اور سرکولیشن کا نیافارمولا متعارف کرانے سے قبل تمام اخبارات کے پرانے ریٹس فریز کئے جائیں، یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اے پی این ایس کی مشاورت سے فوری طورپر نیا فارمولہ سامنے لایا جائے،اور ای پی این ایس کو اعتماد میں لئے بغیر کسی قسم کی کارروائی سے اجتناب کیا جائے و رنہ تمام اخبارات بند ہو جائیں گے ،انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیئے کہ اخبارات کے واجبات کے حوالے سے ان کی ادائیگی کیلئے فوری اقدامات کرے ،کیپرا ٹیکس کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ محمود خان اور وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اخبارات کو مستثنیٰ کرنے کا اعلان کیا تھاجس کا ابھی تک نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا ،لہذا جلد سے جلد مجوزہ نوٹیفکیشن کا اجراء کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ اخباری مالکان کو رہائشی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ دیئے جائیں ۔وزیر اعلیٰ کو چاہیے کہ اس حوالے سے فوری اقدامات کرتے ہوئے ہائوسنگ سکیم میں مالکان کو پلاٹ الاٹ کرنے کیلئے اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کریں اس موقع پر اشتہارات کے حوالے سے محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ بات چیت کرنے اور اس کے منصفانہ تقسیم کیلئے اتفاق رائے سے چیئرمین پیر ہارون شاہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے کمیٹی میں محمد اشرف ڈار، راحت اﷲ ، سید قیصر رضوی ،لیاقت یوسفزئی ،باری ملک ،جاوید آفریدی ،اشفاق مفتی اور عدنان ظفر شامل ہیں ۔ اجلاس میں روزنامہ آج کے چیف ایڈیٹر عبدالواحد یوسفی ، ڈاکٹر صلاح الدین ،ڈاکٹر انور شاہ اور سید قیصر رضوی کی والدہ کی مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا مغفرت کی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے یقین دہانی کرائی کہ صوبے کی اخباری صنعت کو درپیش تمام مسائل کیلئے دورس اقدامات کئے جائیں گے او راس حوالے سے جلد اے پی این ایس کی صوبائی قیادت کو وزیراعلیٰ سے ملوایاجائیگا تاکہ ان کے تمام تحفظات اور مشکلات کا حل نکالا جاسکے۔(پریس ریلیز)
اخبارات کو نیب کے نوٹس، مالکان پریشان
Facebook Comments