صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن سے اے پی این ایس کے 4رکنی وفد کی ملاقات کی۔ وفد میں صدر اے پی این ایس سرمد علی، جنرل سیکرٹری ناز آفرین، سندھ کمیٹی چیئرمین جاوید شمسی اور ڈپٹی چیئرمین یونس مہر شامل تھے۔ سیکرٹری محکمہ اطلاعات عبدالرشید سولنگی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر کو اخبارات کے مسائل ، باالخصوص اشتہارات کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی سے متعلق آگاہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے وفد کو اخبارات کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو سہ ماہی کی بنیاد پر تمام ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں گی ، شرجیل انعام میمن نے سیکرٹری اطلاعات کو ہدایت کی کہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی گزشتہ سہ ماہی کی 100فیصد ادائیگیاں کلیئر کی جائیں جبکہ 2019ء سے جتنی بھی بقایاجات ہیں ان کی ریکنسی لیشن کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری کے لیے سمری تیار کی جائے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے برسات اور سیلاب کے باعث ترقیاتی کاموں کے فنڈز منجمد کر دیئے تھے ، جس کی وجہ سے این آئی ٹیز جاری نہیں ہو رہی تھیں۔ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ جس سے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا سائیکل پھر سے شروع ہو گا ، اور اخبارات کو اشتہارات کی مد میں بزنس میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میڈیا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی خصوصی ہدایات ہیں کہ میڈیا کے مسائل حل کئے جائیں ۔ میڈیا کو مضبوط کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کے اولین نکات میں شامل ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ جھموریت کے استحکام میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔
اخبارات کو اشتہارات میں اضافے کی یقین دہانی۔۔
Facebook Comments