سیکرٹری اطلاعات سندھ عبدالرشید سولنگی نے اے پی این ایس کی سندھ کمیٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اخبارات کے 2021کے واجبات کی ادائیگی کا عمل زیادہ سے زیادہ 2ہفتوں میں مکمل کردیا جائے گا، انہوں نے صوبائی اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کی یقین دہانی کراتے ہوئے مطلع کیا کہ اشتہارات کی تقسیم کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔ اے پی این ایس کی سندھ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سندھ کمیٹی جاوید مہر شمسی کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ اجلاس میں اے پی این ایس کے صدر سرمد علی، سیکرٹری جنرل ناز آفرین سہگل لاکھانی اور اراکین نے صوبہ سندھ کے اخبارات کو درپیش مسائل سے سیکرٹری اطلاعات کو آگاہ کیا اور کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث سندھ کے اخبارات شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں لہذا حکومتِ سندھ ترجیحی بنیادوں پر واجبات کی ادائیگی یقینی بنائے۔ سیکرٹری اطلاعات سندھ عبدالرشید سولنگی نے اجلاس کو یقین دلایا کہ حکومت سندھ پرنٹ میڈیا کی افادیت اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اجلاس میں جاوید مہر شمسی چیئرمین سندھ کمیٹی، یونس مہر نائب چیئرمین، شہاب زبیری، قاضی مصطفی اسد عابد، حسن اکبر، بلال فاروقی، رفیق احمد پیرزادہ، نجم الدین شیخ، ناصر داد بلوچ، زاہدہ عباسی، قاضی سجاد اکبر، منگل داس اروانی، امتیاز اختر قاضی، ممتاز علی پھلپوٹو، اکبر طاہر، نصراللہ جمالی، مختار عاقل، اقبال حسین تونیو، حسینہ جتوئی اور محمد عرفان شریک ہوئے۔
