کوئٹہ کے مقامی روزنامہ کے ایڈیٹر بہادرخان لہڑی دس روز بعد ضمانت پرکوئٹہ جیل سے رہا ہوگئے ،انہیں بایزید نامی شخص کو زدوکوب کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ، صحافیوں کی بڑی تعداد نے جیل کے باہر ان کا استقبال کیا ۔ تفصیلات کے مطابق مقامی روزنامہ کے ایڈیٹر بہادرخان لہڑی کو دس روز قبل بایزید نامی شخص کو زدوکوب کرنے کے الزام میں سول لائن پولیس نے گرفتار کیا تھا جنہیں سات روز تک سول لائن پولیس کی تحویل میں رکھنے کے بعد کوئٹہ جیل منتقل کیا گیا گزشتہ روز عدالت نے بہادر خان لہڑی کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کئے ۔ کوئٹہ جیل کے باہر اخباری کارکنوں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں ان کا استقبال کیا اورجلوس کی شکل میں ان کو پریس کلب لایا گیا جہاں پر ان کے اعزاز میں عصرانہ بھی دیا گیا جس میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس ، کوئٹہ پریس کلب کے صدور اور جنرل سیکرٹریز سمیت سینئر صحافی بھی موجود تھے، اس موقع پر معاملہ میں پولیس کی زیادتی اور مخالف فریق کو ضرورت سے زیادہ معاونت فراہم کرنے کے معاملات زیر بحث آئے اور فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل کوئٹہ پریس کلب اور بی یوجے کی انتظامیہ اپنے ممبران اور سینئر صحافیوں کے صلاح مشورے کیساتھ طے کریگی۔
