وزیر بلدیات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ میڈیا پر گزشتہ ایک سال میں بہت پابندیاں عائد کی گئیں اور انہیں مالی طور پر بحران میں مبتلا کیا گیا، پیپلز پارٹی ہر پلیٹ فارم پر اس کی مذمت کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی،میڈیا کو مکمل غیر جانبدار ہونا چاہیے، میڈیا اور بالخصوص پرنٹ میڈیا مخصوص ایجنڈے پر پیپلز پارٹی کے خلاف ہونے والے میڈیا ٹرائل کا حصہ نہ بنے اور حقائق جو بھی ہوں چاہے وہ پیپلز پارٹی کے خلاف ہوں یا کسی اور جماعت کے اس کو اپنے اخبارات کے ذریعے عوام تک پہنچائیں، پی پی کی صوبائی حکومت میڈیا کے تمام واجبات رواں مالی سال میں ادا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے سیکریٹری جنرل سرمدعلی کی قیادت میں آنے والے وفد اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد جس کی قیادت سیکریٹری جنرل عبدالجبار خٹک کر رہے تھے سے خطاب اور گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات سندھ عمران عطا سومرو بھی موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت کے محکمہ اطلاعات کے تحت اشتہارات کی فراہمی کے نظام کو ہر ممکن شفاف بنایا جائے گا او ر میڈیا مالکان کی واجب الادا ادائیگیوں کے نظام کو بھی موثر طریقے سے آئندہ 15 روز میں شروع کیا جارہا ہے اور تمام واجبات رواں مالی سال میں ادا ہوجائیں اس کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، اخبارات کے مالکان اور ایڈیٹرز کو میڈیا پالیسی میں آن بورڈ لیا جائے گا اور محکمہ اطلاعات سندھ کے تحت اخبارات اور صحافیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔۔