aik saal purani khabar par sahafi giraftar

ایک سال پرانی خبرپر صحافی گرفتار۔۔

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر شیر از حسنات، نائب صدر امجد عثمانی، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے پریس کلب کے کونسل ممبر اور اردو پوائنٹ کے رپورٹر فراز نظام کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر اور اردو پوائنٹ کے رپورٹر فراز نظام نے ایک سال قبل پولیس کے موقف کے ساتھ خبر دی تھی جس پر ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر حشمت کمال نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے صحافی کو اپنی ٹیم کی مدد سے انکوائری کے لئے بلوایا اور پھر انہیں گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا اور مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا ہے کہ جس طرح سے صحافی کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا وہ نا قابل برداشت ہے ، ایف آئی اے نے اب صحافیوں کو ٹارگٹ کرنا معمول بنالیا ہے، پروفیشنل صحافیوں کے ساتھ ہرگز ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم معاملے پر نوٹس لیکر صحافیوں پر قائم کئے گئے بے بنیاد مقدمات کو فوری طور پر خارج کئے جائیں اور صحافیوں کے خلاف ایسے متعصبانہ اقدامات کرنےوالے افسران اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔دریں اثنا لاہور پریس کلب کے پروگریسو گروپ کی جانب سے سینئر صحافی فراز نظام کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے اور حکومت کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ حکومت صحافیوں کو ہراساں کرنے سے باز رہے۔ آزادی اظہار پر قدغن قبول نہیں کی جائے گی۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ فراز نظام کے خلاف فوری طور پر کیس واپس لے کر رہا کیا جائے کیونکہ فراز نظام کو جس اسٹوری پر حراست میں لیا گیا اس میں صحافت کے تمام اصولوں کی پاسداری کی گئی تھی تمام موقف اس اسٹوری میں موجود تھے لہذا سینئر صحافی کو فی الفور رہا کیا جائے بصورت دیگر صحافیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف تحریک شروع کی جائے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں