پی ایف یو جے سندھ ایکشن کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کنوینر کمیٹی مظہر عباس کی زیر صدارت کراچی پریس کلب میں منعقد ہوا، اجلاس میں سکھر پریس کلب کے سابق صدر اور کے ٹی این کے بیورو چیف جان محمد مہر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کی گرفتاری تک تحریک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی نے احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے،جس کے تحت 30 نومبر کو ملک گیر سطح پر یوم سیاہ منایا جائے گا،اگلے مرحلے میں 10 دسمبر کو حیدرآباد میں آل سندھ جرنلسٹس کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا،جہاں سکھر میں جرنلسٹس کنونشن کی تاریخ کا اعلان بھی کیا جائے گا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکھر کنونشن کے بعد پی ایف یو جے ملک گیر فیصلہ کن اور غیر معینہ مدت تک کے احتجاجی دھرنے کی کال دے گی۔ جان محمد مہر قتل کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری تک وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج میں پی ایف یو جے ’کراچی مارچ‘ کی کال بھی دے گی۔اجلاس میں کراچی پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک نکالی گئی ریلی اور ٹوکن دھرنے میں سندھ بھر کے صحافیوں کی بھرپور شرکت کو سراہا۔اجلاس کی جانب سے پی بی اے،اے پی این ایس، سی پی این سی اور ایمنڈ سمیت بار ایسوسی ایشنز، ٹریڈ یونینز اور سول سوسائٹی کی جانب سے پیر کو منعقدہ ریلی کی حمایت اور شرکت پر بھی شکریہ ادا کیا گیا۔ اسلام آباد، کوئٹہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور کمیٹی نے احتجاج میں بھرپور شرکت پر تمام یو جے کا شکریہ ادا کیا۔ کمیٹی نے تمام یو جے اور پریس کلب سے اپیل کی کہ وہ 30 نومبر کو تمام کلبوں اور یونین دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائیں،ایکشن کمیٹی نے نگراں وزیر اعلیٰ، وزیر داخلہ، آئی جی پی، سندھ اور تفتیشی اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنا عہد پورا کریں کیونکہ مرکزی مجرم نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے پہلے ہی جان محمد کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا تھا۔ اسے گرفتار نہ کرنے میں حکومت کی ناکامی نے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کی اس کی صلاحیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے،ایکشن کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس کیس کی خود بھی تحقیقات کرے گی اور ایک ’فیکٹ فائنڈنگ ٹیم‘ تشکیل دے گی، جو دو ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ’’انصاف میں تاخیر انصاف ہے‘‘ اور یہ کیس پہلے ہی التواء کا شکار ہے اور تین ماہث گزرنے کے بعد بھی حل طلب ہے۔ اجلاس کے دیگر شرکا میں لالہ اسد پٹھان ، لالہ رحمان سموں ،خالد کھوکھر ، جاوید چودھری ، خورشید عباسی ، سردار لیاقت کے علاؤہ صدر پی ایف یو جے افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل پی ایف یو جےارشد انصاری نے بھی شرکت کی۔۔