پی ایس ایل سیزن 5 کی افتتاحی تقریب کے میزبان احمد گوڈیل نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کو جب بھی میری ضرورت پڑے گی میں ہر چیز بھلا کر حاضر ہوجاؤں گا۔پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں ہونے والی بدنظمی اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور علی ظفر کے حوالے سے بیان دینے کے بعد احمد گوڈیل کو پی سی بی کی جانب سے معطل کردیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا تھا جس وقت مجھے میرے ادارے کی ضرورت تھی اسی ادارے نے مجھ پر سے ہاتھ اٹھالیا اور کہا جاؤ اپنی جنگ خود لڑو ۔ جس ادارے کے لیے میں نے اپنے جوتے گھس دئیے دس دس گھنٹے کام کیا اسی ادارے نے مجھے چھوڑ دیا۔تاہم اب اچانک احمد گوڈیل نے یوٹرن لیتے ہوئے ایک بار پھر پی سی بی اورپی ایس ایل کے لیے اپنی خدمات پیش کردی ہیں۔ احمد گوڈیل نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی اور اس کا ویڈیو کلپ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا جس میں وہ کہہ رہے ہیں ’’میں بطور پروفیشنل آرٹسٹ اور بطور انسان آج آپ سے بس یہی کہوں گا کہ پی سی بی کو جب بھی میری ضرورت پڑے گی میں ہر چیز کو ایک طرف رکھ کر ہمیشہ حاضر ہوجاؤں گا۔اس ویڈیو کے ساتھ احمد گوڈیل نے پیغام بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا پچھلے کچھ دنوں میں جو کچھ بھی ہوا وہ سب غیر متوقع تھا اور مجھے اس پر بالکل بھی فخر نہیں ہے۔ بہرحال میں نے اس تجربے سے بہت زیادہ سبق حاصل کیا اور اب میں صاف دل اورصاف ذہن سے آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔پی ایس ایل کے لیے میرے دل میں خصوصی جگہ ہے اور اگر پی سی بی کو دوبارہ میری خدمات کی ضرورت ہوگی تو میں پیشہ ورانہ انداز میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کے لیے حاضر ہوجاؤں گا ۔ ہمارے ملک اور کرکٹ کے لیے ہماری محبت تمام بری چیزوں کو دور کرتی ہے۔
احمد گوڈیل نے یوٹرن لے لیا۔۔۔
Facebook Comments