تحریر: نادر بلوچ
نیشنل پریس کلب کی ایگزیکٹو باڈی کے رکن راجہ وحید جنجوعہ نے سننی خیز انکشافات کے بعد افضل بٹ کو کھلا چیلنج کردیا ہے۔ راجہ وحید جنجوعہ نے آزاد پینل کے کیمپ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ افضل بٹ پر لگائے گئے الزامات کو ثابت نہ کرسکے تو نہ صرف صحافت کو خیرباد کہہ دیں گے بلکہ اپنے صحافی بھائیوں کو یہ بھی اختیار دیتے ہیں کہ انہیں جوتیاں مار کے پریس کلب سے نکال دیں۔ راجہ وحید نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر افضل بٹ اپنا دفاع نہ کرسکے اور ثابت ہوگیا کہ انہوں نے صحافتی برادری سے خیانت کرتے ہوئے میڈیا انکلیو کو فروخت کیا ہے تو پھر اُن کی سزا پریس کلب کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی طے کرے اور اعلان کرے وہ سزا کیا ہوگی۔
راجہ وحید نے اعلان کیا کہ وہ جمعرات کو پنڈی پریس کلب کمیٹی کے روبرو پیش ہوکر تمام دستاویزی ثبوت پیش کریں گے۔ تاہم انہوں نے کمیٹی ممبران کی جانبداری پر بھی سوال اٹھایا۔ راجہ وحید نے کہا کہ کمیٹی کے ایک معزز رکن نے اپنی وال پر لکھا کہ کمیٹی نے راجہ وحید کے لفظی الزامات کا جائزہ لینے شروع کردیا ہے، لفظ لفظی الزامات لکھ کر اس رکن نے ثابت کردیا ہے کہ وہ غیرجانبدار نہیں رہے، کیوں کہ الزامات لفظی ہیں یا حقیقی، اس کا فیصلہ تو تحقیقات کے بعد ہونا ہے، ایسے میں وہ رکن کیسے کہہ سکتے ہیں کہ الزامات لفظی ہیں۔
دوسری جانب جرنلسٹ پینل کی دیواریں گرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ نیشنل پریس کلب کے سابق نائب صدر شاکر سولنگی اور سابق جوائنٹ سیکرٹری عطا راجڑ نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت آزاد گروپ کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔(نادر بلوچ)