تحریر : خیرخواہ ورکر
عام انتخابات سال دو ہزار اٹھارہ کے بعد جب تحریک انصاف حکومت وجود میں آئی تو اس نے میڈیا چینلز کو جاری ہونے والے اشتہارات کے چیک اینڈ بیلنس کا سلسلہ شروع کیا تو بیشتر میڈیا مالکان نے خودساختہ بحران پیداکردیا، وہ میڈیا ورکرز جنہوں نے مالکان کے چینلز کے لئے دن رات ایک کیا، اپنی زندگیاں میڈیا کے لئے وقف کردیں کہ ان کا اپنا میڈیا ہاؤس ہے، تنخواہ ملتی ہے زندگی کی گاڑی کا پہیہ اسی تنخواہ سے گھومتا ہے لیکن انہیں گمان تک نہ تھا کہ یہ میڈیا مالکان صرف پیسے کے پجاری ہیں۔۔ انسانیت خدمت مقدس پیشے کے جن ورکرز کی بدولت یہ ارب پتی بنے ان چند ہزار کی تنخواہ والے ورکرز کو برطرف کرکے انکے بچوں کو فاقہ کشیوں پر مجبور کیا گیا یہ تمام تر صورتحال جاری تھی کہ اچانک ایسے میں آپ نیوز نیٹ ورک کی صورت میں امید کی شمع روشن ہوئی تو خودساختہ بحران کی لپیٹ اور سروں پر لٹکتی بیروزگاری کی تلوار گرنے لگی ورکرز کے حوصلے بلند ہوئے کہ وہ شخص جس نے ہمیشہ حقوق کی بات کی جو رپورٹر سے کالم نگار اینکر پرسن ٹی وی ہوسٹ بنا اللہ پاک نے اسے بے حد عزت بخشی جناب آفتاب اقبال صاحب کی جانب سے اپنے نئے ٹی وی چینل لانچ کرنے کی گونج مارکیٹ میں جنگل کی طرح پھیلی اور دیکھتے ہیں دیکھتے دو نئے چینل مارکیٹ میں آگئے۔ لوگوں کے روزگار کے مواق میسر آئے اور انکے حوصلے بلند ہوئے لیکن اب آپ میڈیا نیٹورک کی موجودہ صورتحال ہے، اس سے آپکے ادارے کا نہ صرف ورکر بلکہ آپکے وہ چاہنے والے جن کی بدولت آپکو یہ عزت ومقام حاصل ہواوہ بھی مایوسی دکھائی دے ہیں ، اندھیرے میں امید کی روشنی مدہم ہوتی جارہی ہے وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود ورکرز کی دن رات محنت کے بدولت آپ نیوز جتنا مارکیٹ میں ڈسکس ہوا اتنا شاید ہی کوئی چینل ہوا ہو لیکن اب جو آپ نیوز کی انتظامیہ سیٹھوں والے انداز اپنا کر ورکرز کو ذہنی کرب میں مبتلا کررہی ہےوہ آپ پر اور آپ کے ادارے کے لئے سوالیہ نشان ہیں کیونکہ آپ تو صحافی ہیں آپ ایک ورکر کا دکھ درد تکلیف بہت اچھے سے سمجھ سکتے ہیں لیکن وہ کہتے نا عہدے اور طاقت کا نشہ بہت بری چیز ہے شاید عہدوں نے آپ میں ورکرز کا احساس ختم کردیا ہو۔۔
جناب آفتاب صاحب ایک ورکر بس یہ چاہتا ہے کہ اسے تنخواہ وقت پر ملے، ادارے کی انتظامیہ کا رویہ اچھا ہو جاب سیکیورٹی ہو تاکہ وہ رات کو سکون سے سوکر اٹھے اور اپنے ادارے کے لئے ٹینشن فری ہوکر دل سے کام کرے۔۔ خدارا جب اللہ تعالی نے آپکو عزت ودولت سے نوازا ہے تو پھر ورکرز کی مشکلات کا ازالہ کریں آپ اندھیرے میں روشنی کی امید ہیں سیٹھوں کی ڈگر پر مت چلیں ریٹنگ دعائوں کی بدولت ہی ملیگی ورنہ ہر عروج کا زوال ہے۔۔ اللہ تعالی ڈھیل دے کر جب واپس کھینچتا ہے تو بہت دردناک کیفیت ہوتی ہے آپ اپنے ورکرز کا خیال رکھیں شعبہ جات کے ہیڈز اسائنمنٹ ڈیسک ایڈمن اور دیگر تمام شعبہ جات کے حکام کے رویے بہتر رکھنے کی سخت ہدایات جاری کریں۔۔ ورکرز تکلیف میں ہیں، انکی تنخواہوں کا بروقت اجراء یقینی بنائیں تاکہ گھروں کے چولھے بروقت جل سکیں امید کرتا ہوں کہ میری اس تحریر کو آپ سنجیدگی سے لیں گے ورنہ جو حال بڑے بڑے چینلز کا ہے وہ سبق آموز ہے کہ ادارے پیسوں کے ساتھ بہتر رویوں سے چلتے ہیں اور ایک پیشنگوئی کردوں بہت سارے ورکرز اور اہم عہدوں پر تعینات لوگوں نے اپنے استعفی بھی تیار رکھے ہیں جن کا ہندسہ شاید تیس تک ہو یا مزید بڑھ جائے لوگ متبادل مل جائیں گے لیکن سوالات جو جنم لیں گے وہ میڈیا انڈسٹری میں ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچاسکتے ہیں۔۔فقط آپکا(خیرخواہ ورکر)۔۔
اس خط کے مندرجات سے عمران جونیئرڈاٹ کام یا اس کی پالیسی کا کوئی تعلق نہیں۔۔یہ خط آپ نیوز سے منسلک ایک صحافی دوست نے بھیجا ہے چونکہ وہ آن جاب ہے اس لئے ہم سے نام صیغہ راز میں رکھنے کی درخواست کے ساتھ ہم اسے شائع کررہے ہیں۔۔علی عمران جونیئر