وفاقی حکومت نے نیوز ٹی وی چینلز کے اشتہارات کے نرخ بڑھا دیئے ہیں ۔ یہ انکشاف سپریم کورٹ میں وزیر اطلاعات کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں ہوا ہے ۔وفاقی وزارت اطلاعات کے سیکرٹری کی جانب سے جمع کرائے جواب میں بتایا گیا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کے اشتہارات کے نئے نرخوں کیلئے چینل مالکان کی تنظیم پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں شکیل مسعود اور چیئرمین درید قریشی، جنرل سیکرٹری سلطان لاکھانی اور دیگر ارکان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔پاکستان ٹوئنٹی فور کے پاس دستیاب دستاویز کے مطابق اس اجلاس میں طے پایا کہ درجہ اول کے ٹی وی چینلز کیلئے سرکاری اشتہار کا فی منٹ نرخ ڈیڑھ لاکھ روپے ہوگا ۔ دوسرے درجے کے چینلز کو ایک لاکھ روپے فی منٹ ملیں گے، تیسرے درجے کے ٹی وی چینلز کو فی منٹ سرکاری اشتہارات کے ۷۵ ہزار روپے جبکہ چوتھے درجے کے چینلز کو پچاس ہزار روپے فی منٹ ملیں گے ۔پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق چینلز کی درجہ بندی کرنے کیلئے متعلقہ چینلز کے حکام کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کی جائیں گی اور اس درجہ بندی کیلئے شفاف طریقہ کار اپنایا جائے گا ۔یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے چینلز کیلئے سرکاری اشتہارات کے نرخ اڑھائی لاکھ روپے فی منٹ سے کم کر نوے ہزار کر دیے تھے ۔
نیوزچینلز کے اشتہارات نرخوں میں اضافہ۔۔
Facebook Comments