کراچی کے علاقے ملیر کے علاقہ میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے شوقین کم عمر بچوں نے ایڈونچر کے لیے فائرنگ کرکے شہری کو قتل کردیا۔تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی ہے جس میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان کو فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزمان کی عمریں 14 سے 15 برس کے درمیان ہیں۔ ملزمان ٹک ٹاکرز ہیں، ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے بتایا کہ انھوں نے ایڈونچر کے لیے فائرنگ کی تھی، وقوعہ کے وقت قمر رضا گھر کے باہر روڈ پر کھڑا ہوا تھا اور گولی اس کے پیٹ میں لگی ۔ملزمان کے قبضے اور نشاندہی پر واردات میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ ملزمان کے دیگر دو ساتھیوں کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں جب کہ گرفتار ملزمان سے بھی مزید تحقیقات جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
