سوشل میڈیا صارفین ڈراما سیریل ’’خانی‘‘ سے مشہور ہونے والی اداکارہ ثنا جاوید پر پابندی کا مطالبہ کررہے ہیں۔کچھ روز قبل ماڈل منال سلیم نے پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ کا نام لیے بغیر ان کی جانب سے برتے جانے والے نامناسب اور ناقابل برداشت رویے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاتھا کہ وہ اب مزید کسی اداکارہ کے ساتھ کام نہیں کریں گی۔ اور انہوں نے اپنے تمام کلائنٹ سے بھی درخواست کی تھی کہ وہ ان سے کسی اداکارہ کے ساتھ شوٹنگ کرنے کا نہ کہیں کیونکہ یہ اداکارائیں ہمیں ’’دو ٹکے کی ماڈلز‘‘ سمجھتی ہیں۔ ماڈل منال سلیم کی یہ پوسٹ منظر عام پر آنے کے بعد کئی میک اپ آرٹسٹ ان کی حمایت میں سامنے آئے اور کہا کہ منال سلیم اداکارہ ثنا جاوید کی بات کررہی ہیں اور پھر کئی میک اپ آرٹسٹ نے اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ کام کرنے کے اپنے خوفناک تجربے کو شیئر کیا اور انہیں انتہائی غیر پیشہ ورانہ اداکارہ قرار دیا۔میک اپ آرٹسٹوں نے ایسی کئی مثالیں شیئر کیں جہاں انہیں ثنا جاوید کے بدترین سلوک کو برداشت کرنا پڑا تھا۔ معروف میک اپ آرٹسٹ اکرام گوہر، ریان تھامس اور دیگر نے سوشل میڈیا پر ثنا جاوید کی ان کے ساتھ بدسلوکی کی کہانیاں شیئر کیں۔سوشل میڈیا صارفین کا موقف ہے کہ انڈسٹری اورعوام دونوں کو ثنا جاوید پر پابندی لگانی چاہئے اور ثنا جاوید کو ان تمام لوگوں سے معافی مانگنی چاہئے جن کے ساتھ انہوں نے برا سلوک کیا۔ میک اپ آرٹسٹ اکرام گوہر نے بھی اداکارہ ثناء جاوید کے رویے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔آرٹسٹ اکرام گوہر نے ثناء جاوید اور اپنی تصویر شیئر کی اور طویل پوسٹ میں اداکارہ کو کھری کھری سنادی۔اکرام گوہر نے اپنی پوسٹ میں منال سلیم کی سٹوری کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ہماری بہترین فیشن ماڈل، عزت دار اور رحم دل شخصیت منال سلیم نے ثناء جاوید کے رویے سے متعلق ایک سٹوری شیئر کی جس میں ثناء نے منال سلیم کو دو ٹکے کی ماڈل قرار دیا تھا۔پوسٹ میں اکرام گوہر نے ثناء کے رویے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ثناء نے مجھے ڈی ایچ اے میں واقع بنگلے پر نکاح کے ٹرائل میک اپ کے لیے بلایا اور مجھے بتایا کہ میں اپنے نکاح کا فائنل میک اپ آپ سے ہی کروانا چاہتی ہوں ،ثناء مجھے روزانہ کال کرتی اور کسی بہت نرم دل خاتون کی طرح مجھ سے بات کرتی اور ایسا محسوس کرواتی کہ وہ اس دنیا میں اکیلی ہی میری دوست ہیں۔آرٹسٹ نے کہا کہ نکاح کے روز جب میں وہاں پہنچا تو میک اپ شروع ہونے کے بعد ثناء جاوید نے 4 گھنٹے تک صرف ایک آئی شیڈو کے لیے مجھے ٹا رچر کیا، اس دوران اداکارہ نے 10 بار آئی میک اپ ریموو کیا اور مجھ سے برا سلوک کیا۔اکرام گوہر کا کہنا تھا کہ ان 4 گھنٹوں کے دوران جب مجھے واش روم جانے کی ضرورت پیش آئی تو میں نے اداکارہ سے درخواست کی جس پر انہوں نے انکار کردیااور کہا کہ گھر کے سامنے جو ریسٹورینٹ ہیں وہاں کا واش روم استعمال کرو، بلآخر 4 گھنٹوں بعد ثناء نے مجھے کہا کہ میں نان پروفیشنل ہوں اور میک اپ کرنا نہیں جانتا، ایسا سلوک انہوں نے صرف میرے ساتھ نہیں بلکہ میرے چند دوستوں کے ساتھ بھی برتا۔آرٹسٹ نے اپنی پوسٹ میں ثناء جاوید کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میں صرف اتنا کہوں گا کہ آپ غیر پیشہ ور خوفناک ہیں ہم پر نہیں انڈسٹری میں آپ پر پابندی لگنی چاہیے۔
