گلوکارہ میشا شفیع نے نور مقدم قتل کیس میں آواز اٹھانے پر اداکارہ صباقمر کو منافق قرار دے دیا۔اداکارہ صبا قمر نے حال ہی میں مردوں کی جانب سے خواتین پر تشدد کرنے، انہیں ہراساں کرنے اور بے رحمی کے ساتھ ان کا قتل کرنے کے خلاف آوازاٹھاتے ہوئے انسٹااسٹوری شیئر کی تھی جس میں انہوں نے تمام مردوں سے درخواست کی تھی کہ اگر آپ سچے مرد ہیں اور آپ نے کبھی بھی زندگی میں کسی عورت کی پرواہ کی ہے تو براہ مہربانی اپنے ارد گرد موجود درندہ صفت مردوں کی نشاندہی کریں۔ مہربانی کرکے یہ بھائی بھائی کا کھیل بند کریں۔ اگر آپ یہ نہیں کرسکتے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ انہیں تحفظ فراہم کررہے ہیں۔صبا قمر نے ایک انسٹاگرام پوسٹ پر اسلام آباد میں قتل ہونے والی خاتون نور مقدم کیس پر آواز اٹھاتے ہوئے لکھا یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ایک معصوم زندگی کو درندگی کے ساتھ قتل کردیا گیا۔ سوال یہ ہے کہ، ہم کب تک اس بدصورت پہلو کو نظرانداز کرتے رہیں گے اور اپنی زندگی میں آگے بڑھتے رہیں گے؟ اس پوسٹ کے ساتھ صبا قمر نے’’نور مقدم جسٹس‘‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔تاہم گلوکارہ میشا شفیع نے صبا قمر کو منافق قراردے دیا۔ میشا شفیع نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا ہراساں کرنے والے شخص کے ساتھ جانتے بوجھتے اس کی حمایت کرنااور پھر درندہ صفت اور سفاک مردوں پر تنقید کرنا منافقت ہے۔ خواتین و حضرات منافقت ایسی ہی نظر آتی ہے۔
