وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے ماڈل و اداکارہ صوفیہ مرزا کو ایک بارپھر منی لانڈرنگ کیس میں طلب کرلیا ہے۔ سیاست ڈاٹ پی کے کے مطابق ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل (سی سی سی ) کراچی کی جانب سے اداکارہ صوفیہ مرزا کوایک بار پھر منی لانڈرنگ کیس میں طلبی کا نوٹس بھجوادیا گیا ہے،اس سے قبل اس کیس کی تحقیقات بند کردی گئی تھیں۔اس سے قبل بھی سی سی سی کراچی نے اداکارہ کو کراچی میں پیش ہونے اور منی لانڈرنگ کیس سے متعلق سوالات کے جوابات دینے کو کہا تھا لیکن اداکارہ پیش نہیں ہوئیں اور ایف آئی اے نے تصدیق کی ہے کہ وہ مرزا کی عدم پیشی پر مزید کارروائی کرے گی۔صوفیہ مرزا کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت درج مقدمے سے متعلق سوالات کا جواب دینے کیلئے پیش ہوں ، اداکارہ اپنے ہمراہ 2019 سے اب تک کا تمام ریکارڈ، قومی شناختی کارڈ اور ایف بی آر کی دستاویزات ہمراہ لائیں۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اداکارہ نے اس نوٹس کو نظر انداز کیا جس کے بعد ایف آئی اے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا ارادہ رکھتی ہے، صوفیہ مرزا کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ اس معاملے میں قانونی جنگ لڑیں گی۔

اداکارہ منی لانڈرنگ کیس میں طلب۔۔
Facebook Comments