لاہور کی سیشن کورٹ نے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے دیا اور اداکارہ کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کردی۔سیشن کورٹ کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا ہے کہ اداکارہ میرا کا نکاح درست تھا اور وہ عتیق الرحمان کی بیوی ہے ۔ایڈیشنل سیشن جج مظہر حسین نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کی ہے۔واضح رہے کہ ادکارہ میرا نے فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی اور فیملی کورٹ نے میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیا تھا۔اسکینڈل کوئین اداکارہ میرا کا اپنی اپیل میں مؤقف تھا کہ عتیق الرحمان کی بیوی نہیں ہوں، عتیق الرحمان نے جعلی نکاح نامہ تیار کروایا اور وہ انہیں بدنام کررہا ہے۔واضح رہے کہ ادکارہ میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔اداکارہ میرا کے وکیل کا ابتدا سے مؤقف تھا کہ عتیق الرحمان سستی شہرت کے لیے میرا کا شوہر ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں اور ان کے پاس نکاح ثابت کرنے کے لیے کوئی اصلی دستاویزات بھی موجود نہیں۔
