امریکا میں اہل خانہ کے ساتھ مقیم اداکارہ ریما خان نے مہلک وباء کورونا وائرس سے تحفظ کی ویکسین کا دوسرا ڈوز لگوالیا۔تفصیلات کے مطابق اگرچہ پاکستان میں بھی اب کورونا سے تحفظ کی ویکسین لگوانے کا آغاز ہوچکا ہے، تاہم تاحال ملک میں کسی بھی شوبز شخصیت نے کورونا کی ویکسین نہیں لگوائی۔ پاکستان میں موجود شوبز شخصیات کے برعکس امریکا میں اہل خانہ کے ساتھ مقیم اداکارہ ریما خان نے کورونا سے تحفظ کی ویکسین کا دوسرا ڈوز میں لگوالیا۔ریما خان نے گزشتہ ہفتے 7 فروری کو انسٹاگرام ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے کورونا سے تحفظ کی ویکسین کا دوسرا ڈوز بھی لگوالیا۔اداکارہ نے ویکسین کے دوسرے ڈوز لگوانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ وہ وبا سے بچاؤ کی ویکسین کا کورس مکمل کرنے پر خوشی محسوس کر رہی ہیں۔ویڈیو میں انہیں ویکسین لگانے والی نرس کے ساتھ بات کرتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے اور اداکارہ نرس کو بتاتی سنائی دیتی ہیں کہ انہیں پہلے ڈوز لگوانے کے بعد کوئی مسئلہ نہیں ہوا، البتہ انہیں ٹانگوں اور بازوں میں ہلکا سا درد محسوس ہوا تھا۔ویکسین کا دوسرا ڈوز لگوانے کے بعد اداکارہ نے دوسری مختصر ویڈیو میں بتایا کہ انہیں ویکسین لگانے کے بعد 30 منٹ تک سینٹر میں ہی بٹھایا گیا، تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کہیں ویکسین ان پر الٹا اثر تو نہیں کر رہیں؟واضح رہے کہ ریما خان نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کا پہلا ڈوز گزشتہ ماہ 19 جنوری میں لگوایا تھا اور انہوں نے ٹھیک 17 دن بعد 7 فروری کو دوسرا ڈوز لگوایا۔ کورونا سے تحفظ کی ویکسین کے دو ڈوز ہر شخص کو لگائے جاتے ہیں اور ہر ڈوز میں کم از کم 15 دن کا وقفہ دیا جاتا ہے۔
