پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے مرکزی نائب صدر عرفان آرائیں ، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر ناصر شیخ ، جنرل سیکریٹری امجد اسلام، سینئر نائب صدر آفتاب رند، نائب صدر اصغر خانوٹی، خازن راناحمبل ، جوائنٹ سیکریٹری امتیاز کھاوڑ اور اراکین گورننگ باڈی نے پاکستان کے کئی شہروں میں بول چینل کی نشریات بند کئے جانے اور چینل کے مالک شعیب شیخ کے گھر کو مسمار کرنے اور جیو نیوز کے فہیم صدیقی کو ملازمت سے برطرف کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند ہونے کے بجائے اس میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جو ملک اور قوم کے کسی طور مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی رائے اور آزادی اظہار پر پابندی یا قدغن لگائے جانے سے پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ اس طرح کا عمل بدترین ڈکٹیٹر شپ میں بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے پر صدر کے یو جے فہیم صدیقی کو جیو نے ملازمت سے جبری برطرف کرکے آزادی صحافت پر سوال کھڑا کردیا ہےاور ملک بھر کے صحافی ان کے ساتھ کھڑے ہیں اگر جیو نے ان کی ملازمت بحال نہ کی تو سخت احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا ، انہوں نے کہاکہ بول نیوز سے وابستہ ہزاروں افراد پہلے ہی معاشی بدحالی کا شکار اوپر سے اس طرح کی کارروائیاں ان کی بیروزگاری کا سبب بنیں گی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران حزب اختلاف میں ہوتے ہیں تو انہیں یہی میڈیا بہت پسند ہوتا ہے لیکن اگر وہ اقتدا رمیں آجائیں تو پھر اسی میڈیا کے ساتھ انتقامی کارراوئیاں شروع کردی جاتی ہیں۔ انہوںنے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ عدالتیں اس صورتحال کا نوٹس لیں۔
اعلیٰ عدالتیں نوٹس لیں، پی ایف یوجے ورکرز۔۔
Facebook Comments