آج ٹی وی میں ملازمین کو فروری کی سیلری تاحال کسی کو نہیں دی گئی، پپو نے انکشاف کیا ہے کہ عید سے قبل کسی کو سیلری ملنے کا امکان بھی نہیں، جس سے آج ٹی وی کا اسٹاف عید کی خوشیوں سے محروم رہ جائے گا۔۔ کیوں کہ وائس آف امریکا کا پروگرام جو آج ٹی وی پر چلتا تھا اور اس کا تین سے پانچ کروڑ روپے مبینہ طور پر جو ریونیوملتا تھا وہ اس ماہ پندرہ تاریخ کو نہیں ملا ۔۔ پپو کے مطابق ایک لاکھ سے اوپر سیلری والوں کو رواں سال دوہزار پچیس کی پہلی سیلری اٹھارہ مارچ کو دی گئی ہے(جنوری کی سیلری)۔۔ جب کہ دیگر تمام ملازمین کو جن کی سیلری ایک لاکھ روپے سے کم ہے انہیں تاحال فروری کی سیلری نہیں دی گئی ہے جب کہ عید میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔۔ پپو کا کہنا ہے کہ تئیس مارچ کو آج ٹی وی نے اپنی بیسویں سالگرہ منائی لیکن کیا ہی اچھا ہوتا کہ سالگرہ منانے کے وقت وہ ملازمین کو تنخواہ بھی دے دیتا 24 روزے گزر گئے ملازمین کو یہ کہا جاتا ہے عید سے پہلے تنخواہ مل جائےگی۔پپو کے مطابق فنانس ، ایڈمن والے رمضان کے مہینے میں چھ گھنٹے کی ڈیوٹیاں کر رہے ہیں جبکہ آج ٹی وی کے نیوز ملازمین آٹھ گھنٹے کی ڈیوٹی کر رہے ہیں،ساتھ ہی انہیں ایک بے توقیر قسم کا افطار کروایا جاتا ہے پہلے دن تو افطار پہ ہڑتال بھی ہو گئی تھی سونے پہ سہاگا یہ ہے کہ تنخواہ نہیں دی جا رہی ،اب اگر چاندرات کو تنخواہ دیں گے تو 500 روپے کی چیز جو پانچ ہزار کی ہو جائے گی وہ کون دلائے گا۔پپو کے مطابق ستم ظریفی یہ ہے کہ وائس اف امریکہ بند ہو گیا ہے ،وائس آف امریکا کا بلیٹن جو صرف آج ٹی وی پر دکھایاجاتا تھا،اس سے آج ٹی وی کو ریونیو کی مد میں مبینہ طور پر تین سے پانچ کروڑ روپے ملتے تھے وہ بھی کم ہو گئے ہیں تو ڈاؤن سائزنگ کی آوازیں بھی لگائی جا رہی ہیں ۔پپو کاکہنا ہے کہ آج ٹی وی کی مدرآرگنائزیشن بزنس ریکارڈر میں کئی صحافی لیڈران بھی موجود ہیں جو مختلف ادوار میں پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود آج ٹی وی کے ملازمین کی شنوائی نہیں ہورہی ۔ایک طرف پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کو تنخواہیں وقت پر نہیں دی جارہیں دوسری طرف۔۔ بلڈنگ کو نیا رنگ کروا دیا گیا رمضان اور افطار ٹرانسمیشن کے نام پہ لاکھوں روپے کمائے گئے، لیکن ملازمین کا استحصال جاری ہے۔