حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس، کراچی یونین آف جرنلسٹس، سکھر یونین آف جرنلسٹس، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بے نظیر آباد یونین آف جرنلسٹس نے دریائے سندھ سے کینالز نکالے جانے والے عمل کے خلاف دریاؤں کے عالمی دن 14 مارچ کو سندھ بھر میں تمام پریس کلبز پر سیاہ پرچم لہرانے کا اعلان کیا ہے. حیدرآباد، کراچی، سکھر، لاڑکانہ میرپورخاص اور شہید بے نظیر آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 14 مارچ کو دریاؤں کے عالمی دن کے موقع پر دریائے سندھ سے چھ کینالز نکالے جانے کے خلاف جمعہ کے روز سندھ بھر کے تمام چھوٹے بڑے پریس کلبز پر سیاہ پرچم لہرا کر یوم سیاہ منایا جائے گا جبکہ تمام چھوٹے بڑے شہروں کے صحافی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنے صحافتی فرائض سرانجام دیں گے.ان کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ ہماری زندگی ہے اس لیے پانی کے مسئلے پر سندھ کے صحافی خاموش نہیں رہیں گے اور کینالز کے خلاف تمام فورمز پر احتجاج کریں گے۔
