کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے چیئرمین پیمرا کے نام خط میں آج نیوز کی طرف سے تنخواہوں میں مسلسل تاخیر اور گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پیمرا قانون کے تحت چینل انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیمرا آج ٹی وی سمیت مختلف ٹی وی چینلز میں تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائے۔ چیئر مین پیمرا کے نام خط میں جنرل سیکریٹری کے یو جے نعمت خان نے کہا کہ آج ٹی وی نے دو ماہ سے صحافیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی ان تنخواہوں پر بچوں کے اسکول فیس سمیت مختلف ضروریات کو پورا کرنے کا دارومدار ہوتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پیمرا ترمیمی بل کے تحت دو ماہ تک مسلسل تنخواہوں کی عدم آئیگی قابل سزا جرم ہے۔ دریں اثنا کراچی یونین آف جنرلسٹس دستور کے صدر خلیل ناصر، جنرل سیکریٹری نعمت خان نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر آج انتظامیہ نے واجب الادا تنخواہیں فی الفور ادا نہیں کیں تو چینل کا گھیرا وکیا جائے گا۔ صحافی رہنمائوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے روزنامہ امت نے بھی ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی ہیں جو صحافیوں کے معاشی قتل عام کے مترداف ہے انہوں نے کہا کہ روزنامہ امت میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر جلد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ کے یو جے کے عہدیداران نے یاد دلایا کہ چینلز اور اخبارات کے مالکان اشتہارات کی مد میں کروڑوں روپے اصول کرتے ہیں مگر ملازمین کو بروقت تنخوا ہ ادا نہیں کرتے جو کہ شرمناک عمل ہے۔ انہوں نے کہ اگر میڈیا کےاداروں نے اپنی روش نہیں بدلی تو ہم تمام سرکاری اور غیرسرکاری اداروں سے ان اخبارات کے اشتہارات روکنے کے لیے خط لکھیں گے۔ دریں اثنا کے یو جے رہنمائوں نے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی اور صوبائی نگران وزیر اطلاعات احمد شاہ سے روزنامہ دنیا کراچی ایڈیشن کو اشتہارات کی ادائیگی فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ روزنامہ دنیا کو اشتہارات جاری کرنا غیرقانونی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی وزارات اطلاعات روزنامہ دنیا کو اب تک جاری ہونے والے غیرقانونی اشتہارات کی ادائیگی روکیں کیوں کہ روزنامہ دنیا کو ادائیگی نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ صحافیوں سے دشمنی کے بھی مترادف ہے۔