سینر صحافی و اینکر پرسن آفتاب اقبال کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے چینل میں رﺅف کلاسرا سے کچھ چیزوں پر کمپرومائز کرنے کی درخواست کی تھی لیکن اس نے چینل ہی چھوڑ دیا جس کی وجہ سے وہ سخت شرمندہ ہیں اور کوشش کریں گے کہ زندگی میں کبھی رﺅف کلاسرا کا سامنا نہ کریں۔نجی ٹی وی نیو نیوز کے پروگرام میں میزبان نصراللہ ملک نے آفتاب اقبال سے سوال پوچھا کہ وہ کس صحافی سے متاثر ہیں؟ اس سوال کے جواب میں آفتاب اقبال نے کہا کہ وہ پاکستان میں کسی بھی صحافی سے متاثر نہیں ہیں، کیونکہ ہمارا واچ ڈاگ یعنی صحافی مصلحتوں کا شکار ہے۔جب وہ ڈی جی پی آر بنے تو انہیں پتا لگا کہ صحافیوں میں لفافے کس طرح تقسیم کیے جاتے ہیں، ضروری نہیں سارے صحافی ہی لفافہ لیتے ہوں لیکن ہر صحافی کہیں نہ کہیں آکر کمپرومائز تو کرتا ہے۔ انہوں نے رﺅف کلاسرا کی مثال دیتے ہوئے انہیں جینوئن صحافی اور اس مٹی کا بیٹا قرار دیا۔ آفتاب اقبال نے کہا کہ ان کے اپنے چینل آپ نیوز میں جب رﺅف کلاسرا پروگرام کیا کرتے تھے تو انہوں نے کچھ چیزوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔ رﺅف کلاسرا نے کہا کہ وہ کچھ چیزوں پر کمپرومائز کرلیں گے اور کچھ باتیں نہیں مانیں گے لیکن ان کے اندر کا صحافی جاگ گیا اور انہوں نے ان چیزوں پر بھی کمپرومائز نہیں کیا جن کا وعدہ کیا تھا۔آفتاب اقبال نے کہا کہ ’رﺅف کلاسرا نے کمپرومائز نہ کرنے کی وجہ سے چینل چھوڑ دیا اوریہ سب میرے چینل میں ہوا کیونکہ اس چینل کی زمامِ کار میرے ہاتھ میں تھے، میں رﺅف کلاسرا سے سخت شرمندہ ہوں اور کوشش کروں گا کہ پوری زندگی اس کا سامنا نہ کروں۔خیال رہے کہ آفتاب اقبال نے انڈس گروپ کے ساتھ مل کر ’آپ نیوز‘ لانچ کیا تھا جس میں رﺅف کلاسرا اپنا پروگرام کیا کرتے تھے، کچھ عرصہ پہلے رﺅف کلاسرا نے اچانک ہی چینل چھوڑ دیا تھا۔ انڈس گروپ نے چینل کو آگے فروخت کردیا ہے اور آفتاب اقبال بھی یہ چینل چھوڑ کر نیو نیوز کا حصہ بن گئے ہیں جہاں وہ خبر یار کے نام سے اپنا پروگرام کیا کریں گے۔
آفتاب اقبال، رؤف کلاسرا سے کیوں شرمندہ؟؟
Facebook Comments