سماء ٹی وی سے پنچھی اڑنے لگے،استعفوں کی بارش۔۔۔ 867

سماء ٹی وی سے پنچھی اڑنے لگے،استعفوں کی بارش۔۔۔

پپو نے انکشاف کیا ہے کہ بد انتظامی، غیر یقینی صورتحال اور آئے روز برطرفیوں سے تنگ سماء ٹی وی کے ملازمین نے گھونسلہ بدلنا شروع کر دیا۔ ایک وقت تھا سماء اپنی ورکر دوست پالیسی کی وجہ سے جانا جاتا تھا وہاں اب یہ عالم ہے کہ ورکرز میں سے جس کو جہاں جگہ مل رہی ہے وہ ادارے کو خیرباد کہنے میں دیر نہیں لگا رہا۔ اسلام آباد سے آنے والے نئے گرین ڈیجیٹل کی آمد کے ساتھ ہی سماء میں اوپر تلے وکٹیں گرنے لگیں۔ کراچی بیورو سے خاتون سمیت چار رپورٹر ایک ساتھ چینل چھوڑ گئے جن میں سے تین نے گرین ڈیجیٹل اور ایک نے وی نیوز ڈیجیٹل جوائن کر لیا ہے جبکہ اسلام آباد بیورو سے بھی دو رپورٹروں اور دو کاپی ایڈیٹروں نے گرین کی جانب اڑان بھر لی۔ ایک ٹکر آپریٹر نے بھی اسلام آباد کے ایک بڑے ادارے میں نوکری ڈھونڈ لی ہے جبکہ ایک اسائنمنٹ ایڈیٹر چھٹی پر کراچی پہنچا مگر چھٹیاں ختم ہونے کے بعد واپسی کے بجائے اپنا استعفیٰ بھیج دیا، اسی طرح پی سی آر سے بھی دو سینئر پینل پروڈیوسر چینل میں پھیلے نان پروفیشنل رویے اور غیریقینی صورتحال سے تنگ آ کر جی این این اور ایکسپریس جوائن کر چکے ہیں، کہا جا رہا ہے کہ افرادی قوت کی شدید قلت اور کام کے بڑھتے دباؤ اور بےجا فرمائشوں کے باعث ذہنی اذیت کے شکار مزید بھی کئی ورکرز گرین سمیت متعدد چینلز میں رابطے کر رہے ہیں جو جلد اپنی سیٹیں کنفرم کر لیں گے۔ دوسری جانب چینل انتظامیہ کے ورکرز دشمن اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے، لاہور بیورو سے ایک خاتون رپورٹر اور کراچی سے لائے گئے ایک ڈرائیور کو نوکری سے نکال دیا گیا، جبکہ دفتر میں اسٹاف کو فراہم کردہ کھانے کے مینیو میں سے چکن اور بیف کو ختم کرکے مکمل طور پر دال سبزی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کچھ دن پہلے سماء انتظامیہ نے ایک خاتون اینکر سے جبری استعفی لیا جسے کراچی کے ایک بڑے چینل سے بلا کر ہائر کیا گیا تھا جبکہ کراچی سے مارننگ شو کی پوری ٹیم کو نکال دیا تھا اور کراچی سے ہی سیلز ہیڈ کو بھی فارغ کر دیا گیا تھا اور دفتر کا کرائے پر لیا گیا پورا فلور خالی کر کے کرائے کی مد میں نو لاکھ روپے ماہانہ کی بچت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں