ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) کے انتخابات میں جیو نیوز کے اظہر عباس صدر اور 365 نیوز کے طارق محمود جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔انتخابی نتائج کے مطابق محمد عثمان اور میاں طاہرایمنڈ کے نائب صدور جبکہ ریحان احمد اور ندیم جمال جوائنٹ سیکرٹریز اور شہاب محمود فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمینڈ) کی جنرل کونسل نے پاکستان میں آزادی صحافت کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور آزاد صحافت کو محدود کرنے کے لیے حکومتی اختیارات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔جنرل کونسل نے پیکا کے بے جا استعمال اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی کارروائیوں پر بھی تشویش ظاہر کی۔کونسل نے بعض یوٹیوبرز کے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو صحافت کی آڑ میں ذاتی یا سیاسی ایجنڈے کے فروغ سے تعبیر کیا۔ تاہم تنظیم نے واضح کیا کہ چند افراد کو بنیاد بنا کر پورے میڈیا پر پابندیاں عائد کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ایمنڈ کی جنرل کونسل کے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین کا بھی انتخاب کیا گیا، جن میں زاہد مظہر، معصوم رضوی، محسن رضا، مبارک علی، کامران لاشاری، ہمایوں سلیم، محمد نوشاد، خواجہ حسنین اور رزاق سروہی شامل ہیں۔
37
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل