ہری پور کے سینئر صحافی اور ہم گواہ اخبار کے ایڈیٹر شاہد اختر اعوان کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) ایبٹ آباد نے گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہد اختر اعوان نے حال ہی میں ایت نور کیس اور تھانہ کوٹ نجیب اللہ کی حدود میں واقع کوٹ سیداں میں عثمان قتل کیس کو اجاگر کیا تھا، جس کے بعد انہیں مبینہ طور پر پولیس کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پیر کی صبح شاہد اختر اعوان ہری پور درویش میڈیا گروپ کے نمائندہ ابرار کے ہمراہ NCCIA دفتر اپنا ضبط شدہ موبائل فون واپس لینے گئے تھے، جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ صحافی شاہد اختر اعوان نے اس سے قبل NCCIA اہلکاروں کے خلاف قائمہ کمیٹی میں شکایت درج کرا رکھی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اہلکاروں نے ان کی تذلیل کی اور ان کی واسکٹ کی توہین کی۔ موبائل فون کی واپسی کے لیے انہوں نے باقاعدہ طور پر مجسٹریٹ کی عدالت میں درخواست بھی دائر کر رکھی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو گرفتاری کے وقت ان کی واسکٹ اتروا کر ساتھی صحافی ابرار کو یہ کہہ کر دے دی گئی کہ "ہزارہ کی ثقافت" کو ساتھ لے جائیں۔ واضح رہے کہ شاہد اختر اعوان کو اس سے قبل بھی NCCIA ایبٹ آباد نے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد وہ ضمانت پر رہا ہوئے تھے اور رہائی کے بعد انہوں نے NCCIA کے خلاف مختلف فورمز پر شکایات درج کی تھیں۔ تازہ کارروائی میں ان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت دفعہ 24 اور 26 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔۔
23
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل