کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے آج ٹی وی، ۔365 نیوز، بول نیوز ، این ٹی این نیوز، اے جی این، نیو ٹی وی، ایک نیوز سمیت دیگر اداروں میں تین سے چار ماہ سے صحافیوں، کیمرہ مینوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو گزشتہ تین سے چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چودھری اور سیکرٹری ریحان چشتی نے کہا ہے کہ میڈیا ورکرز پہلے ہی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں کئی ماہ تک تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ تنخواہ کسی بھی ملازم کا بنیادی حق ہے اور میڈیا اداروں کی انتظامیہ کی جانب سے طویل عرصے تک واجبات کی ادائیگی روکنا ناقابل قبول ہے۔یونین نے مختلف ٹی وی چینلز کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں اور دیگر ملازمین کی کئی ماہ سے زیرِ التوا تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں اور آئندہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔کے یو جے دستور نے واضح کیا کہ اگر متاثرہ ملازمین کی تمام زیرِ التوا تنخواہوں کی فوری ادائیگی کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو یونین صحافی برادری کے ساتھ مل کر متعلقہ میڈیا اداروں کے دفاتر کے باہر احتجاج، مظاہروں اور دیگر قانونی و جمہوری طریقۂ کار کے ذریعے سخت ردعمل دینے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں کی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔یونین عہدیداران نے کہا کہ صحافی اور میڈیا ورکرز دن رات اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے کر عوام تک بروقت خبریں پہنچاتے ہیں، لہٰذا ان کے معاشی حقوق کا تحفظ میڈیا اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔کے یو جے دستور مطالبہ کرتی ہے کہ تمام متاثرہ ملازمین کو ان کی بقایا تنخواہیں بلا تاخیر ادا کی جائیں، بصورت دیگر یونین اپنے اراکین کے حقوق کے تحفظ کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل جاری کرے گی۔
16
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل